نئی دہلی، 08 مئی (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے مطابق ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ان جرائم پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے ۔مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی خواتین کو تحفظ دینے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن سب سے زیادہ جرائم بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں ہی ہو رہے ہیں۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں جیسے اتر پردیش، راجستھان اور مہاراشٹر خواتین کے خلاف جرائم کے اعداد و شمار میں ملک میں سرفہرست ہیں۔ اتراکھنڈ میں انکیتا بھنڈاری کے ساتھ بی جے پی لیڈروں نے عصمت دری کی اور اسے قتل کر دیا، لیکن اس کی کہیں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔مہیلا کانگریس کی صدر نے اتراکھنڈ حکومت پر عصمت دری کے ملزمان کو بچانے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہاں دسویں جماعت میں پڑھنے والی ایک بچی کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے اور حکومت جرم کرنے والے اپنے لیڈروں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتراکھنڈ پولیس خود متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔ متاثرہ خاندان کے ارکان پر سمجھوتہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔ پولیس انہیں کیس ختم کرنے کے لیے کہہ رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان کو 50 لاکھ روپے دے کر معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ پیشکش کرنے والے بی جے پی کے بڑے لیڈر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد نیشنل کرائم بیورو کے اعداد و شماکے مطابق ملک میں عصمت دری کے واقعات میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور بی جے پی کی ریاستوں میں یہ اضافہ سب سے زیادہ ہے ، اس لیے بی جے پی حکومت کو اس کا جواب دینا چاہیے ۔ مہیلا کانگریس کی صدر نے دعویٰ کیا کہ ملک میں ہر 70 منٹ میں ایک خاتون عصمت دری کا شکار ہو رہی ہے اور یہ سب اس بی جے پی حکومت میں ہو رہا ہے جو خود کو خواتین کی محافظ حکومت قرار دیتی ہے ۔