رات دیر گئے سی سی ٹی وی کیمرے بند کرتے ہوئے مکان کا جائزہ لیا، جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت
حیدرآباد۔/16 مارچ، ( سیاست نیوز) محبوب نگر کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کی قیامگاہ میں نامعلوم اشرار کے داخلے سے سنسنی دوڑ گئی ہے۔ جوبلی ہلز میں واقع ڈی کے ارونا کی قیامگاہ میں ہفتہ کی رات دیر گئے نامعلوم افراد داخل ہوئے اور کافی دیر تک مکان کے مختلف حصوں میں دکھائی دیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ماسک اور ہاتھوں میں دستانے پہنے ہوئے یہ مشتبہ افراد نے داخلے سے قبل کچن اور ہال کے سی سی ٹی وی کیمروں کو بند کردیا تھا۔ تقریباً دیڑھ گھنٹے تک یہ لوگ مکان کے مختلف حصوں میں گھومتے رہے۔ نامعلوم اشرار کی نقل و حرکت پر مکان میں موجود ڈی کے ارونا کے افراد خاندان خوفزدہ ہوگئے اور اس کی اطلاع رکن پارلیمنٹ کو دی۔ انہوں نے فوری جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کو چوکس کیا اور شکایت درج کرائی۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ایک سازش کے تحت ان کے مکان میں اشرار داخل ہوئے ہیں لہذا ان کی قیامگاہ کی سیکوریٹی میں اضافہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس واقعہ کے وقت ڈی کے ارونا مکان میں موجود نہیں تھیں۔ پولیس کی جانب سے اس واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ روڈ نمبر 56 جوبلی ہلز پر ڈی کے ارونا کا مکان واقع ہے جہاں رات دیر گئے 3 بجے نامعلوم افراد مکان میں داخل ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے بند کرتے ہوئے انہوں نے مکان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ مکان سے کسی بھی چیز کے سرقہ کی اطلاع نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی کے ارونا کسی میٹنگ کے سلسلہ میں محبوب نگر روانہ ہوئی تھیں۔ نامعلوم افراد تقریباً دیڑھ گھنٹے تک مکان میں رہے اور ڈی کے ارونا کے بیڈ روم کے پاس بھی دیکھے گئے۔ ڈی کے ارونا کے ڈرائیور لکشمن کے ذریعہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی۔1