بی جے پی صدر بنڈی سنجے کے خلاف کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کی پولیس میں شکایت

   

اشتعال انگیز تقریر پر مقدمہ کی درخواست، عنقریب احتجاجی ریالی کا منصوبہ
حیدرآباد۔27۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کمار کے خلاف پولیس اسٹیشن حبیب نگر میں شکایت درج کرائی گئی۔ صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے انسپکٹر کو تحریری شکایت حوالے کی اور نفرت انگیز تقاریر سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اقلیتی قائدین کے ہمراہ پیش کردہ شکایت میں کہا گیا ہے کہ بنڈی سنجے نے 25 مئی کو کریم نگر میں ہندو ایکتا ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کئے جس میں ہزاروں مندروں کو منہدم کرنے کی بات کہی گئی۔ بنڈی سنجے نے اپنی تقریر کے ذریعہ ہندوؤں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے تمام مساجد کی کھدائی کا مطالبہ کیا تاکہ مندروں کی موجودگی کا پتہ چلایا جاسکے۔ مسلم تحفظات اور اردو زبان کے بارے میں بنڈی سنجے نے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ 4 فیصد مسلم تحفظات سے ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات سے ناانصافی کی شکایت کی گئی۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کریم نگر کی اشتعال انگیز تقریر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار سے بنڈی سنجے کے خلاف احتجاجی جلوس کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ر