وزیر فینانس ہریش راؤ کا چیلنج، تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے بتایا کہ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ میں تاحال 6735 افراد کی چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مدد کی گئی ہے۔ انہوں نے 124 افراد میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے منظورہ رقم کے چیکس حوالے کئے۔ اس سلسلہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ حادثات، بیماریوں اور دیگر ضروریات کیلئے ابھی تک کروڑہا روپئے کی امداددی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اتفاقی طور پر حادثات میں فوت ہونے والے 44 پارٹی کارکنوں کو انشورنس کی رقم کے طور پر 90 لاکھ روپئے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 35 کسانوں میں اسائینڈ بھومی کے کاغذات حوالے کئے گئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے تلنگانہ میں جن ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے اس کی مثال بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں حکومت کے خلاف مہم چلانے سے قبل اپنی ریاستوں میں تلنگانہ کی طرح اسکیمات پر عمل کرکے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہوگی۔ر