بنڈی سنجے کی پد یاترامیں حصہ لیں گے، تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔4۔ مئی (سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ میں ریاستی صدر بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کے ذریعہ پارٹی کے استحکام کی حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کل 5 مئی کو محبوب نگر ضلع میں پرجا سنگرام یاترا کے ضمن میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ اسمبلی انتخابات سے عین قبل بی جے پی نے ریاست میں اپنی جڑوں کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جے پی نڈا کے دورہ کا مقصد تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں اسی طرح کی پد یاترا کے آغاز کا جائزہ لینا ہے۔ قومی سطح پر تلنگانہ کے بارے میں جو سروے رپورٹ پیش ہوئی ہے ، وہ حوصلہ افزاء بتائی جاتی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ناراضگی کا فائدہ بی جے پی کو ہوسکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ قومی قیادت نے پارٹی قائدین کو عوام کے درمیان رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ جے پی نڈا کے علاوہ کئی مرکزی وزراء بنڈی سنجے کی یاترا میں شرکت کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جے پی نڈا تلنگانہ دورہ کے موقع پر پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کے منصوبہ سے واقف کرائیں گے۔ مختلف اضلاع میں بی جے پی قائدین بھروسہ یاترا کا آغاز کریں گے ۔ تلنگانہ کے شہری علاقوں میں بی جے پی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں پارٹی کو اپنی شناخت بنانے کیلئے جدوجہد کا سامنا ہے ۔ دیہی علاقوں میں بنیادی سطح سے قیادت مضبوط کرنے کی مساعی جاری ہے اور اس سلسلہ میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے قائدین سے ربط قائم کیا جارہا ہے۔ جے پی نڈا کی حکمت عملی کے مطابق تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات تک وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے کئی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ ر