ٹی ایم سی کا الزام‘الیکشن کمیشن کی اس معاملہ پرخاموشی معنی خیز
کولکاتہ۔28؍اپریل ( ایجنسیز)بنگال میں انتخابی عمل کے دوران ٹی ایم سی نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو کھلے عام جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ٹی ایم سی نے اپنے سرکاری ’ایکس‘ ہینڈل پر پوسٹ میں کہا کہ پہلے عصمت ریزی کی دھمکیاں دی گئیں اور توہین آمیز کارٹون پھیلائے گئے اور اب بی جے پی اس حد تک گر گئی ہے کہ کھلے عام جان سے مارنے کی دھمکی دے رہی ہے۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے ترجمان اجے آلوک نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’ڈرائے گا تو ٹھوکائے گا دی دی‘‘، جس کا مطلب ہے کہ اگر آپ ڈرانے کی کوشش کریں گی تو آپ کو گولی مار دی جائے گی۔ٹی ایم سی نے اسے وزیر اعلیٰ کے خلاف انتہائی توہین آمیز اور خطرناک قرار دیا۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن پر بھی سوال اٹھائے۔ پارٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس معاملہ پر محض تماشائی بنا ہوا ہے۔ پارٹی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اتر پردیش اور بہار کی ’گولی مارو‘ اور ’ٹھوک دو‘ والی سیاست کو بنگال میں لانا چاہتی ہے۔ ٹی ایم سی نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی دھمکی اور ڈرانے والی روایت کو اعلیٰ قیادت کی حمایت حاصل ہے۔ٹی ایم سی نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک خاتون وزیر اعلیٰ کے بارے میں اس طرح کی زبان استعمال کی جا رہی ہے تو عام خواتین اور بیٹیوں کے ساتھ کیا ہو سکتا ہے اس کا اندازہ آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔پارٹی نے کہا کہ ریاست بنگال کبھی اس طرح کی باتوں کو فراموش نہیں کرتی اور نہ ہی معاف کرتی ہے۔ یہاں توہین اور دھمکی کا جواب الفاظ میں نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے دیا جائے گا۔ پارٹی نے دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن بنگال اپنی آواز ضرور بلند کرے گا۔خیال رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ کل یعنی 29 اپریل کو ہونے جا رہی ہے۔