متحدہ طور پر کام کرنے کی ہدایت، مخالف بی جے پی مہم کا موثر جواب دیا جائے
حیدرآباد۔/12مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام کے مسئلہ پر پارٹی سینئر قائدین کے ساتھ سرگرم مشاورت کی ہے۔ حیدرآباد میں سی آئی ایس ایف کی 54 ویں یوم تاسیس پریڈ میں حصہ لینے کے بعد امیت شاہ نے مرکزی وزیر سیاحت و کلچر کشن ریڈی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن، بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور چند مخصوص قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 4 گھنٹوں تک تلنگانہ کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ امیت شاہ کو ریاست میں پارٹی کے موقف اور انتخابی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی نوٹ حوالے کیا گیا۔ ریاستی صورتحال کے علاوہ قومی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ امیت شاہ نے کہا کہ ملک میں 2024 میں دوبارہ بی جے پی کا اقتدار یقینی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں پارٹی اقتدار کیلئے قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں قائدین کی شمولیت کے امکانات تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ امیت شاہ نے تلنگانہ بی جے پی میں گروپ بندیوں اور قائدین کے داخلی اختلافات پر ناراضگی جتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ میں پارٹی کے امکانات روشن ہیں بشرطیکہ قائدین اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ امیت شاہ نے بنڈی سنجے اور دیگر قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ باہمی مشاورت کے ذریعہ عوامی رابطہ کی مہم چلائیں جس میں کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا جائے۔ امیت شاہ نے بی جے پی قائدین کو ہدایت دی کہ مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف کے سی آر اور بی آر ایس قائدین کے پروپگنڈہ کا موثر جواب دیا جائے۔ر