بی جے پی کے ایم ایل سی امیدوار ناقابل بھروسہ‘ ہریش راو

   

حیدرآباد: وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے پاس گریجویٹ حلقہ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ بی جے پی کو ووٹ دے کر ضائع کرنے کے بجائے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی گریجویٹ طبقہ سے اپیل کی ۔ ضلع رنگا ریڈی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں ہریش راؤ نے کہا کہ حلقہ حیدرآباد، رنگا ریڈی ، محبوب نگر کے گریجویٹس نے بی جے پی امیدوار رامچندر راو پر بھروسہ کرکے انہیں کامیاب بنایا تھا مگر رامچندر راؤ اور بی جے پی کونسل کی اس نشست کو حقیر سمجھتی ہے اور اس کو کوئی اہمیت نہیں دے رہی ہے ۔ رامچندر راؤ کو ایم ایل سی بنے رہنا پسند نہیں ہے۔ اس لئے انہوں نے 2018 میں اسمبلی و 2019 میں پارلیمنٹ کیلئے مقابلہ کرکے ان پر بھروسہ کرنے والے گریجویٹس کی توہین کی ۔ اگر وہ کامیاب ہوجاتے تو کونسل کی نشست سے مستعفی ہوجاتے ۔ ایسے امیدوار دوبارہ گریجویٹ حلقہ کیلئے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان پر بھروسہ کرنا دھوکہ کے برابر ہے لہذا وہ تمام گریجویٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رامچندر راؤ کو ووٹ دیتے ہوئے صائع نہ کریں بلکہ ووٹوں کا احترام کرنے والی ٹی آر ایس امیدوار وانی دیوی کو کامیاب بنائیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار کو سماج کے تمام طبقات کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ بی جے پی امیدوار نے ابھی تک پرگی ، تانڈور اور ضلع محبوب نگر کے گریجویٹس سے ملاقات بھی نہیں کی ہے جبکہ ٹی آر ایس کی امیدوار سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راو کی دختر ہے ۔ تعلیم یافتہ ہے۔ تعلیمی شعبہ میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ بحیثیت لکچرار ، پروفیسر انہوں نے لاکھوں گریجویٹس کو تیار کیا ہے۔