حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے تمام عوام جان لیں کہ صرف بی جے پی ہی ریاست میں وہ تبدیلیاں لائے گی جس کی عوام کو ضرورت ہے۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لکشمن کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے ششی دھر ریڈی کا پہلی بار بی جے پی آفس نامپلی میں آمد پر خیرمقدم کیا۔ ششی دھر ریڈی حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ کشن ریڈی نے کہاکہ اب ہر گھر، ہر آفس اور خانگی اور سرکاری شعبوں کے اداروں کے ملازمین میں بی جے پی کے چرچے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ششی دھر ریڈی حیدرآباد اور تلنگانہ میں بی جے پی کو مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کریں گے۔