بی ٹیک انجنیئرنگ میںجاریہ تعلیمی سال بڑے پیمانے پر داخلے

   


کنوینر کوٹہ میں 62,100 نشستو ں اور بی زمرے میں 20ہزار طلبہ نے داخلہ لیا
حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر ( سیاست نیوز) ریاست میں اس مرتبہ انجنیئرنگ بی ٹیک داخلوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ۔ تلنگانہ میں سرکاری و خانگی کالجس میں ایمسیٹ کنوینر ، مینجمنٹ کوٹہ کے تحت 82 ہزار سے زائد طلبہ نے داخلہ لیا ۔ اس تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ گذشتہ تعلیمی سال کنوینر کوٹہ میں 55 ہزار طلبہ نے داخلہ لیا تھا جس میں 3 تا 4 ہزار اسپاٹ داخلے شامل تھے ۔ جاریہ سال کنوینر کوٹہ میں 79,346 نشستیں دستیاب تھیں جس میں 62,100 ( 78.26) فیصد نشستوں پر داخلہ ہوا جس میں تقریباً 4 ہزار اسپاٹ داخلے ہوئے ۔ ( بی زمرہ ) مینجمنٹ کوٹہ میں ہر سال 14تا 18ہزار طلبہ داخلہ حاصل کررہے ہیں ، تاہم حکام نے بتایا کہ اس سال 20 ہزار سے زیادہ طلبہ داخلے لینے کی امید ہے ۔ اس مرتبہ چند انجنیئرنگ کالجس نے کمپیوٹر سائنس سے متعلق نئی برانچس اے آئی اینڈ ایم ایل ، ڈاٹا سائنس ، سائبر سیکوریٹی انٹرنیٹ آف تھینگس کو متعارف کرایا ۔ ڈیمانڈ نہ رہنے والی برانچس کی جگہ نئی برانچس میں 9 ہزار سے زائد نشستیں دستیاب ہوئیں ۔ میکانیکل ، سیول ، الکٹریکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ملازمتیں حاصل ملنے باوجود ابتداء تنخواہیں کم ہونے سے طلبہ زیادہ سی ایس ای کے علاوہ دیگر شعبہ میں دلچسپی دکھا رہے ہیں جس سے ان کی تعداد میں اضافہ ہوا ۔ ریاست میں ابھی تک 5 خانگی یونیورسٹیز تھی تاہم تلنگانہ حکومت نے جاریہ تعلیمی سال سے مزید 5 خانگی یونیورسٹیز کو منظوری دی ہے جس سے ریاست میں خانگی یونیورسٹیز کی تعداد بڑھ کر 10 تک پہنچ گئی ہے ۔ن