’تارکین وطن کو عزت کے ساتھ وطن واپس لایا جائے‘

   

نوجوان اچھی کمائی کے لالچ میں جعلی ٹراویل ایجنٹس کا شکار ہورہے ہیں، رکن پارلیمنٹ کماری سیلجا کا بیان

چندی گڑھ، 19 فروری (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری اور سرسا لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ کماری سیلجا نے چہارشنبہکو کہا کہ ہریانہ میں فارن کوآپریشن ڈپارٹمنٹ تشکیل دیا گیا ہے ، پھر بھی نوجوان بیرون ملک ملازمت اور اچھی کمائی کے لالچ میں جعلی ٹریول ایجنٹس کا شکار ہو رہے ہیں۔سب سے پہلے تو حکومت کو یہ معلوم کرنا چاہیے کہ کتنے نوجوان غیر قانونی طور پر کن ممالک میں گئے ہیں ان سب کو باعزت طریقے سے واپس لایا جائے اور ان کی بحالی کا مناسب انتظام حکومت خود کرے ۔ یہاں جاری ایک بیان میں کماری سیلجا نے کہا کہ ریاستی حکومت نے نومبر 2019 میں فارن کوآپریشن ڈپارٹمنٹ تشکیل دیا تھا تاکہ بیرون ملک ملازمت کا خواب دیکھنے والے نوجوانوں کو جعلی ٹریول ایجنٹوں سے آزاد کیا جا سکے ۔ سب جانتے تھے کہ پنجاب کی طرح ہریانہ کے نوجوان بھی تعلیم اور نوکری کے لیے بیرون ملک جانے لگے ہیں اور ہریانہ میں یہ رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ حکومت نے دعویٰ کیا کہ یہ محکمہ نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک جانے والے ہر نوجوان کی مدد کرے گا۔ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس لیول کے ایک افسر کو اس کا نوڈل افسر مقرر کیا گیا۔کماری سیلجا نے کہا کہ حکومت اس محکمہ کو بنانے کے بعد بھول گئی ہے اگر حکومت کو یاد ہوتا تو اس سے روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کو اپنی سطح پر بھیجتی تاکہ نوجوان جعلی ٹریول ایجنٹس کا شکار نہ ہوں اور انہیں بیرون ملک سیکیورٹی بھی مل سکے ۔ کماری سیلجا نے کہا کہ حکومت کو فرضی ٹریول ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم چلانی چاہیے اور بغیر کسی امتیاز کے سخت کارروائی کرنی چاہیے ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو یہ بھی معلوم کرنا چاہیے کہ کس ملک میں کتنے نوجوان جعلی ٹریول ایجنٹس کا شکار ہو کر غیر قانونی طور پر بیرون ملک گئے ہیں ان سب کا ڈیٹا اکٹھا کر کے انہیں باعزت طریقے سے واپس لایا جائے اور حکومت اپنی سطح پر ان کی بحالی کا انتظام کرے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جس طرح ہندوستانی شہریوں کو ہتھکڑیوں اور بیڑیوں میں ڈال کر ملک بدر کیا اس سے ملک کے ہر شہری کو دکھ ہوا ہے اور ساتھ ہی وہ اس توہین پر شرمندہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہریانہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں پنجاب حکومت کی سرزنش کی ہے اور فرضی ٹریول ایجنٹ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ہریانہ حکومت کو بھی اس سمت میں سخت قدم اٹھانے چاہئیں۔