تجارتی سرگرمیوں کے لیے دنیا بھر میں شاپنگ مالس کو نمایاں اہمیت

   

چین میں سات ہزار سے زائد شاپنگ مالس، ایک ہی مقام پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی
حیدرآباد، 12 نومبر (سیاست نیوز) دنیا بھر میں شاپنگ مالس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلے میں عوام کی جانب سے بڑھتی مانگ نے شاپنگ مالس کے قیام سے متعلق کمپنیوں کو زائد شاپنگ مالس کے قیام کے لیے مجبور کر دیا ہے۔ شاپنگ مالس میں سہولت اس بات کی ہے کہ ایک ہی مقام پر تمام ضروری اشیاء دستیاب ہوجاتی ہیں۔ غذائی اجناس کے علاوہ زندگی کی دیگر ضروریات سے متعلق سامان بھی شاپنگ مالس میں دستیاب رہتا ہے۔ شاپنگ مالس کے قیام کے سلسلے میں بھی کمپنیوں کے درمیان مسابقت میں اضافہ ہوا ہے۔ کمپنیوں نے کسٹمرز کو راغب کرنے کے لیے مختلف رعایتوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ ہندوستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں شاپنگ مالس میں روزانہ کی اساس پر ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا جاتا ہے، جو خریداری کے دوران اچانک کیا جاتا ہے۔ شاپنگ مالس کے اعتبار سے دنیا کے ٹاپ 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی ہے، جس میں چین سرِفہرست ہے۔ چین میں 7000 سے زائد شاپنگ مالس ہیں، جبکہ جاپان 3000 سے زائد شاپنگ مالس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ساؤتھ کوریا میں 2000 سے زائد شاپنگ مالس ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات میں 1200 شاپنگ مالس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ امریکہ میں شاپنگ مالس کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے، جبکہ فلپائن میں 850 سے زائد شاپنگ مالس ہیں۔ سب سے زائد شاپنگ مالس کی ٹاپ 10 فہرست میں ہندوستان ساتویں نمبر پر ہے۔ ہندوستان میں 700 سے زائد شاپنگ مالس ہیں۔ انڈونیشیا میں یہ تعداد 640 ہے، جبکہ ملائیشیا میں 490 اور سعودی عرب میں 350 شاپنگ مالس ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کے اعتبار سے شاپنگ مالس قائم کیے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کا شمار اگرچہ ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے اور یہاں پر عام آدمی کی معیشت بھی دیگر ممالک کے مقابلے کمزور ہے، لیکن شاپنگ مالس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ کئی عالمی کمپنیوں نے شاپنگ مالس کے قیام کے ذریعے عوام کو رعایتی قیمتوں پر ضروری اشیاء کی سربراہی کا انتظام کیا ہے۔ سروے میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ صرف فیشن ایبل علاقوں میں ہی نہیں بلکہ پسماندہ علاقوں میں بھی شاپنگ مالس قائم کیے جارہے ہیں۔ کمپنیوں کے درمیان مسابقت کے نتیجے میں عوام کو رعایتی شرح پر ضروری اشیاء دستیاب ہو رہی ہیں۔1