ایگزٹ پولس بی جے پی کی ہدایت پر پیش کئے گئے ۔ کاونٹنگ ایجنٹس کیلئے کیو آر پر مبنی شناختی کارڈ جاری ہونگے :الیکشن کمیشن
کولکتہ 30 اپریل ( ایجنسیز ) تمام انتخابی ریاستوں میں مختلف جماعتوں کے قائدین نے ایگزٹ پولس کو مسترد کردیا ہے جبکہ مغربی بنگال میں چیف منسٹر ممتابنرجی نے الزام عائد کیا کہ ایگزٹ پولس بی جے پی کی ہدایت پر نشر کئے گئے ہیں تاکہ ان کی پارٹی کے کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوسکے ۔ ممتابنرجی نے دعوی کیا کہ ان کی پارٹی اسمبلی انتخابات میں 226 سے زائد اسمبلی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ کئی ایگز, پولس میں بی جے پی کیلئے بنگال میں سبقت دکھائی گئی ہے جبکہ آسام میں بی جے پی اقتدار کی برقراری کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اسی طرح ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے حکومت کی برقراری اور کیرالا میں کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف کی اقتدار پر واپسی کی پیش قیاسی کی گئی تھی ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ٹی وی چینلس پر جو ایگزٹ پولس دکھائے گئے ہیں وہ بی جے پی کی ہدایت پر دکھائے گئے ہیں تاکہ ترنمول کانگریس کارکنوں کے حوصلے پست کئے جاسکیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ تمام ایگزٹ پولس کے برخلاف نتائج سامنے آئیں گے اور ترنمول کانگریس کی اقتدار پر شاندار واپسی ہوگی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ترنمول کانگریس کو اس بار انتخابات میں 226 سے زائد نشستیں حاصل ہونگی ۔ ممتابنرجی نے ترنمول کانگریس قائدین ‘ کارکنوں اور پولنگ ایجنٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسٹرانگ رومس پر 24 گھنٹے نظر رکھیں جہاں ای وی ایم رکھے ہوئے ہیں۔ ممتابنرجی نے دعوی کیا کہ بی جے پی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے اس طرح کے ایگزٹ پولس تیار کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس مغربی بنگال میں بھاری اکثریت سے اقتدار پر واپسی کر رہی ہے اور اسے پہلے سے زائد نشستیں حاصل ہونگیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ترنمول کانگریس کو 226 سے زائد اسمبلی نشستیں حاصل ہونگی ۔ اس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے 4 مئی کو پانچ ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر کاونٹنگ ایجنٹس کو کیو آر پر مبنی شناختی کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ رائے شماری کے مراکز میں غیرمجاز افراد کے داخلہ کو روکا جاسکے ۔ 4 مئی پیر کو مغربی بنگال کے ساتھ آسام ‘ کیرالا ‘ ٹاملناڈو اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ہونے والی ہے ۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سکیوریٹی کو مستحکم رکھنے اور غیرمجاز افراد کے داخلہ کو روکنے کیلئے کیو آر پر مبنی شناختی کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔