تعلیمی اداروں کو طلبہ کے سرٹیفکیٹس روکنے کا حق نہیں، عنقریب احکامات

   

اسمبلی میں وزیر سریدھر بابو کا تیقن، اقلیتی اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر
حیدرآباد۔/14فروری، ( سیاست نیوز) وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ تعلیمی اداروں کو طلبہ کے سرٹیفکیٹس روکنے کے خلاف محکمہ تعلیم سے عنقریب مکتوب روانہ کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم یا روزگار میں رکاوٹ نہ ہو۔ اسمبلی میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی کی توجہ دہانی پر ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ فیس بازادائیگی کے بجٹ کی اجرائی میں تاخیر سے کالجس کی جانب سے طلبہ کے سرٹیفکیٹس روکنے کی شکایتیں افسوسناک ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم سے کالجس کے انتظامیہ کو عنقریب احکامات جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی اجرائی میں تاخیر کا اثر طلبہ کی تعلیم پر نہیں پڑنا چاہیئے۔ وزیر امور مقننہ نے تلنگانہ میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی کے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی اقامتی اسکولوں کی عمارتیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ بجٹ تقریر میں ٹائپنگ کی غلطی سے اقلیتی اقامتی اسکولوں کا تذکرہ شامل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔1