تفریحی شعبے میں عالمی سطح پر مارکیٹ سرمایہ کاری میں اضافہ

   

نیٹ فلکس 324 بلین ڈالر کے ساتھ سرفہرست، جاپان کی سونی کمپنی کو تیسرا مقام

حیدرآباد 8 نومبر (سیاست نیوز) عالمی سطح پر تفریحی سرگرمیوں میں اضافے کے نتیجے میں اس شعبے سے وابستہ کمپنیوں کی مارکیٹ سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مصروف ترین زندگی میں عام آدمی کے لیے تفریح ایک ایسا سرمایہ ہے جس کے ذریعے وہ اپنے کام کے بوجھ اور دیگر الجھنوں سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔ تفریحی سرگرمیوں پر عوام کی بڑھتی توجہ کے نتیجے میں عالمی سطح پر تفریحی کمپنیوں نے نت نئے انداز میں اپنی سرگرمیوں کو پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔ دنیا کی 10 ایسی کمپنیوں کا سروے کیا گیا جن کی سرمایہ کاری عالمی سطح پر نمایاں ہے۔ امریکہ کی نیٹ فلکس کمپنی اس شعبے میں دنیا میں سرِفہرست ہے، جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 324 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکہ کی والٹ ڈزنی کمپنی 119 بلین ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جاپان کی سونی کمپنی کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے، جس کی مارکیٹ سرمایہ کاری 137 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ اس فہرست میں سویڈن، چین، سنگاپور اور امریکہ کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ تفریحی شعبے میں 5 امریکی کمپنیوں نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے، جبکہ اس فہرست میں جاپان کی دو کمپنیاں شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تفریحی شعبہ عمر کے کسی ایک حصے تک محدود نہیں ہے بلکہ ہر عمر سے وابستہ افراد اس شعبے کی سہولتوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار زندگی میں بڑھتی الجھنوں کے نتیجے میں تفریحی شعبہ مزید ترقی کرے گا۔1