تلنگانہ اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کا آج دوبارہ آغاز

   

حیدرآباد۔/16 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کا بجٹ اجلاس کل 17 مارچ سے دوبارہ شروع ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ایوانوں میں ایس سی زمرہ بندی سے متعلق بل پیش کیا جائے گا جس پر مباحث کے بعد منظوری حاصل کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دونوں ایوانوں کے پارٹی ارکان کو بل کی پیشکشی اور مباحث کے وقت موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ایس سی زمرہ بندی کیلئے طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے گرین سگنل کے بعد تلنگانہ پہلی ریاست ہے جس نے ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کا فیصلہ کیا۔ اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد اسے مرکز کو روانہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 مارچ کو بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات کا بل ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ اس بل پر دونوں ایوانوں میں گرما گرم مباحث کا امکان ہے کیونکہ دیگر طبقات بھی تحفظات میں اضافہ کی مانگ کررہے ہیں۔ 19 مارچ کو ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا مالیاتی سال 2025-26 کا بجٹ اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اسمبلی کا اجلاس 27 مارچ تک جاری رہے گا جس میں 20 اور 23 مارچ کو تعطیلات رہیں گی جبکہ قانون ساز کونسل کو 20 مارچ کے علاوہ 22 تا 26 مارچ تعطیلات رہیں گی۔ دونوں ایوانوں میں 27 مارچ کو تصرف بل کو منظوری دی جائیگی۔1