فوج کے سربراہ دھیرج سیٹھ سے اتم کمار ریڈی کی ملاقات، 3 بیاریجس کے مرمتی کاموں میں ماہرانہ صلاحیتوں سے استفادہ
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) وزارت دفاع نے سری سیلم لفٹ بینک کنال کے ٹنل کی تعمیر کے علاوہ کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈہ، انارم اور سندیلڈہ بیاریجس کے مرمتی کاموں کی تکمیل کے لئے فوج کے ماہر انجینئرس کی خدمات فراہم کی ہیں۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے گزشتہ دنوں ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ سے نئی دہلی میں اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور آرمی انجینئرس کی خدمات فراہم کرنے کی درخواست کی۔ وزارت دفاع کی انٹیگریٹیڈ ہیڈکوارٹر کے ملٹری سکریٹری برانچ نے چیف سکریٹری تلنگانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 3 آرمی انجینئرس کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ لیفٹننٹ کرنل ستیہ دیو سنگھ، لیفٹننٹ جنرل رنجیت اے مینن اور لیفٹننٹ کرنل ایچ وی بھلا کی خدمات فراہم کرنے کی اطلاع دی گئی۔ ریاستی حکومت اِن تینوں فوجی عہدیداروں کی خدمات کو ڈیپوٹیشن پر حاصل کرتے ہوئے ٹنل اور بیاریجس کے مرمتی کاموں کی انجام دہی میں اُن کی ماہرانہ صلاحیتوں سے استفادہ کرے گی۔ ایس ایل بی سی ٹنل کے انہدام کے وقت بچاؤ اور راحت کے کاموں میں فوج کے ماہرین نے اہم رول ادا کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی اور جنرل دھیرج سیٹھ کی ملاقات کے دوران دونوں نے فوج سے اپنی وابستگی کے تجربات شیئر کئے۔ یہ دونوں نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی پونے کے تربیت یافتہ ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ایرپورٹس کے زمرہ میں فائٹر پائلیٹ کی ٹریننگ حاصل کی تھی جبکہ جنرل دھیرج سیٹھ نے بری فوج کے شعبہ جات میں ٹریننگ حاصل کی۔ اُنھوں نے 30 جون 2026ء کو ہندوستان کے فوجی سربراہ کے عہدہ کا جائزہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ سابق فوجی عہدیدار کی حیثیت سے مجھے ہندوستانی افواج کے ماہرین کی خدمات پر فخر ہے جو آفات سماوی اور دیگر مواقع پر انجام دی جاتی ہیں۔ ہندوستانی فوج کے کرنل پریکشت مہرا گزشتہ 2 برسوں سے تلنگانہ حکومت کے ساتھ ڈیپوٹیشن پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ایس ایل بی سی ٹنل کے تعمیری اور مرمتی کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔ V/1
اتم کمار ریڈی نے اُمید ظاہر کی کہ فوجی انجینئرنگ ماہرین کی خدمات کے ذریعہ تلنگانہ حکومت تینوں بیاریجس کے مرمتی کاموں کو بہتر انداز میں مکمل کرپائے گی۔V/1