تلنگانہ سکریٹریٹ کا امبیڈکر جینتی کے دن 14 اپریل کو افتتاح

   

کے سی آر نے مہورت طئے کیا، قومی قائدین مدعو، جلسہ عام کے بارے میں فیصلہ باقی

حیدرآباد۔14۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کیلئے 14 اپریل کا مہورت طئے کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے پنڈتوں اور نجومیوں سے مشاورت کے بعد سکریٹریٹ کے افتتاح کی نئی تاریخ طئے کی ہے۔ کونسل کی ٹیچر اور مجالس مقامی زمرہ کی نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق نافذ کردیا جس کے سبب نئے سکریٹریٹ کا 17 فروری کو افتتاح ملتوی کردیا گیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کی لیکن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا حوالہ دیا جس کے بعد حکومت کو تقریب ملتوی کرنی پڑی۔ چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر 17 فروری کو نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے 14 اپریل کی تاریخ طئے کی ہے جو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا یوم پیدائش ہے۔ حکومت نے نئے سکریٹریٹ کو بی آر امبیڈکر سے موسوم کیا ہے لہذا امبیڈکر جینتی کے موقع پر افتتاح کا فیصلہ کیا گیا تاکہ دلتوں اور کمزور طبقات کی تائید حاصل کی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے پہلے سے طئے شدہ پروگرام کے مطابق افتتاحی تقریب میں ملک بھر سے اہم شخصیتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ 17 فروری کو پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس میں بی آر ایس اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتی تھی۔ ابھی یہ طئے کرنا باقی ہے کہ آیا 14 اپریل کو سکریٹریٹ کے افتتاح کے بعد جلسہ عام ہوگا یا نہیں۔ اس سلسلہ میں عنقریب فیصلہ کرلیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 14 اپریل کی تقریب کی تیاریوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ افتتاحی تقریب میں چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن ، چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین، ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو ، جنتا دل یونائٹیڈ کے صدر للن سنگھ ، امبیڈکر کے پوترے پرکاش امبیڈکر کو مدعو کیا جائے گا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کے علاوہ احاطہ میں تین عبادتگاہوں کی تعمیر کا کام بھی اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ر