تلنگانہ محکمہ صحت کی کارکردگی ملک بھر میں مثالی

   

گزیٹیڈ آفیسرس یونین کی ڈائری کی رسم اجراء، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔17۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر سیاحت و آبکاری وی سرینواس گوڑ نے کہا کہ محکمہ صحت تلنگانہ کی کارکردگی سارے ملک میں مثالی اور منفرد ہے۔ کووڈ کی صورتحال کے دوران محکمہ صحت نے عوام کو مہلک بیماری سے بچانے میں اہم رول ادا کیا۔ سرکاری دواخانوں کی بہتر خدمات کے نتیجہ میں ہزاروں مریضوں کو کورونا سے نجات دلائی گئی ۔ وزیر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی یونین کی جانب سے شائع کردہ ڈائری کی رسم اجراء انجام دی۔ تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہیلت گزیٹیڈ آفیسرس یونین نے تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ وزیر نے کہا کہ نوزائدہ بچوں اور حاملہ خواتین کی نگہداشت کے معاملہ میں مرکزی حکومت سے تلنگانہ کو ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کی حوصلہ افزائی کیلئے کے سی آر کٹ اسکیم متعارف کی گئی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے کئی قدم اٹھائے ۔ سرکاری دواخانوں میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے علاوہ حیدرآباد کے اطراف 4 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کئے جارہے ہیں۔ وزیر سیاحت نے میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے ریاستی صدر کلیم الدین احمد اور کمیونٹی ہیلت آفیسر محمد سراج الدین نے مخاطب کیا۔ر