15 اکٹوبر تک دعوؤں و اعتراضات کی یکسوئی، 16 ستمبر تک درخواستوں کے ادخال کی سہولت، ریاست گیر سطح پر 2 علیحدہ مہم : سدرشن ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے انکشاف کیاکہ ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی SIR مہم کے تحت تاحال 9288112 نوٹسیں تیار کی گئی ہیں اور صرف 7 نوٹسوں کی تیاری باقی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نوٹسوں کی اجرائی ؤ دعوؤں اور اعتراضات کی یکسوئی کی مدت 17 اگست تا 15 اکٹوبر مقرر کی گئی ہے۔ SIR کے پہلے مرحلہ کی تکمیل پر سدرشن ریڈی نے تفصیلات جاری کرکے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کردیا گیا جو متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کے دفاتر میں دستیاب ہے۔ فہرست کے مسودہ کا چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ ASDD ووٹر یعنی غیر حاضر، منتقل ، فوت اور ایک سے زائد مقامات پر نام کی موجودگی والے افراد کی فہرست ویب سائٹ پر پیش کی گئی ہے۔ 16 ستمبر تک شہریوں و رائے دہندوں سے اعتراضات اور دعوے پیش کئے جاسکتے ہیں جن کی یکسوئی کیلئے 15 اکٹوبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 9288112 تیار کردہ نوٹسوں میں 3174952 نوٹسیں رائے دہندوں کو حوالہ کی گئیں۔ ہر اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کی سطح پر 194737 نوٹسوں کی سماعت کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ باقی نوٹسیں مرحلہ وار طور پر رائے دہندوں کے حوالے کی جائیں گی اور اُن کی مقررہ مدت میں سماعت ہوگی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 1973 اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس اور 119 الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو سماعت کی ذمہ داری دی ہے۔ سدرشن ریڈی کے مطابق تاحال 907292 دعوے اور اعتراضات موصول ہوئے جن میں 394517 نئے ناموں کی شمولیت کے لئے فارم 6 داخل کئے گئے۔ فارم 6A کے تحت نئے اوورسیز ووٹرس کی شمولیت کے لئے 6346 درخواستیں داخل کی گئیں۔ مسودہ فہرست سے ناموں کے اخراج اور دیگر اعتراضات کے سلسلہ میں فارم 7 کے تحت 48752 درخواستیں داخل کی گئیں۔ مسودہ فہرست کے ناموں میں تصحیح کے لئے فارم 8 کے تحت 457677 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر دعوؤں اور اعتراضات کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور عوام میں شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ 5 اور 6 ستمبر کو ہر پولنگ اسٹیشن میں خصوصی مہم چلائی جائے گی جبکہ مہم کا دوسرا مرحلہ 12 اور 13 ستمبر کو رہے گا۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن کی سطح پر مسودہ فہرست کا مشاہدہ کریں اور فارم 6، 7 اور 8 کے ذریعہ اپنے اعتراضات اور دعوے پیش کریں۔ بوتھ لیول آفیسرس پولنگ اسٹیشن کی سطح پر ان دونوں خصوصی مہمات کے درمیان دستیاب رہیں گے۔ بوتھ لیول ایجنٹس کو بھی موجود رہنے کی اجازت رہے گی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق بوتھ لیول آفیسر مسودہ فہرست میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اُن کی تصحیح کریں گے۔ اُنھوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے دعوؤں اور اعتراضات کے لئے دونوں خصوصی مہم سے استفادہ کریں۔V/1