مطالبات کی یکسوئی تک 16 مختلف جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا
حیدرآباد : 7 اگست ( سیاست نیوز) گاڑیوں اور ڈیلیوری یونین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کیلئے ہفتہ 8 اگست سے ریاست بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس ہڑتال کے نتیجہ میں حیدرآباد کے بشمول تمام اضلاع میں آٹو ، کیاب ، لاریوں کے ساتھ ساتھ ایپ پر مبنی مسافر اور ڈیلیوری سروسیز مکمل طور پر ٹھپ ہوجائیں گی ۔ گگ ورکرس کے دفتر واقع نامپلی میں 16 مختلف ٹرانسپورٹ اور ڈیلیوری یونینوں کے قائدین کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مختلف تنظیموں کے قائدین نے بتایا کہ گزشتہ طویل عرصہ سے اپنے جائز مطالبات کیلئے حکومت اور متعلقہ حکام کو متعدد یادداشتیں پیش کرچکے ہیں ، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا ہے جس کے خلاف بطور احتجاج اولا ، اوبر ، ریپیڈو کے علاوہ فوڈ وگر پری ڈیلیوری ایپس جیسے سوئگی ، زوماٹو ، زیپٹو ، انسٹا مارٹ اور دیگر تمام خدمات کو ہفتہ سے مکمل طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت اور پلیٹ فارم کمپنیاں مل کر ایپ پر مبنی ٹرانسپورٹ و ڈیلیوری خدمات کیلئے کم از کم بنیادی کرایہ کے ساتھ فی کلو میٹر اور فی منٹ منصفانہ چارجس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریں تاکہ ڈرائیورس اور ڈیلیوری بوائز کو مستحکم آمدنی حاصل ہوسکے ۔ تلنگانہ گگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرس رولز کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور ان ورکرس کی سماجی و مالی تحفظ کیلئے فوری طور پر ایک ویلفیر بورڈ تشکیل دیا جائے ۔ موٹر وہیکل اگریگیٹر گائیڈ لائنس 2025 کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے اور حکومت کے طئے کردہ کم از کم چارجس کو لازمی قرار دیا جائے ۔ موٹر وہیک ایکٹ 1988 کے مطابق کمرشیل رجسٹریشن ( تجارتی نمبر پلیٹ) کے بغیر پرائیوٹ دو پہیہ ( بائیکس) تین پہیہ ( آٹوز) ، چار پہیہ ( کاریں ) گاڑیوں کے ذریعہ ایپ پر مبنی مسافرو ں کی منتقلی اور سامان ڈیلیوری پر مکمل طور پرقانونی پابندی عائد کی جائے ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے واضح کیا ہے کہ جب تک حکومت ان تمام مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے جی او جاری نہیں کرتی تب تک یہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال جاری رہے گی ۔2