تلنگانہ میں اتوار تک بارش کی پیش قیاسی

   

شہر میں موسم اچانک تبدیل، سرد ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی
حیدرآباد۔25۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں 29 ڈسمبر تک ہلکی اور تیز بارشوں کی پیش قیاسی کے بعد آج دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں موسم اچانک تبدیل ہوچکا ہے اور دونوں شہروں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہواؤں کے ساتھ ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گذشتہ دنوں کی گئی پیش قیاسی میں کہا گیا تھا کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع میںہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں آج دن بھر درجہ حرارت 22ڈگری سیلسیس سے تجاوز نہیں ہوا جو کہ عام طور پر رہنے والے درجہ حرارت سے 10تا12 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بونداباندی اور پھوارکا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجہ میں موسم خوشگوار اور مطلع ابرآلود ریکارڈ کیاگیا۔کرسمس کی تعطیل اور اچانک موسم خوشگوار ہونے کے نتیجہ میں دونوں شہروں کے تفریحی مقامات پر سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ آئندہ مزید 3یوم کے دوران اسی طرح کا موسم برقرار رہنے کا امکان ہے اور ان ایام کار کے دوران رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر کے نواحی علاقوں میں جہاں درخت زیادہ ہیں ان مقامات پر سرد لہریں ریکارڈ کی جائیں گی۔3