قائدین کے دورے و جلسے ، برسر اقتدار پارٹی بھی سرگرم
حیدرآباد۔19۔مئی۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابات کا موسم شروع ہونے جا رہا ہے ! بی جے پی قائدین جے پی نڈا‘ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کے بعد اب وزیر اعظم نریندر مودی آئی ایس بی میں منعقدہ تقریب میں شرکت سے قبل بی جے پی کے ریاستی قائدین سے ملاقات کرنے والے ہیں جبکہ گذشتہ دنو ں کانگریس قائد راہول گاندھی نے تلنگانہ کا دورہ کیا کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کو نشانہ بنایا تھا ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کی جانب سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آئندہ ماہ کے اوائل سے ریاست کے اضلاع میں پٹننا پرگتی پروگرام کے احیاء کا اعلان کردیا ہے جبکہ ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی بنڈی سنجے نے پرجا سنگرام یاترا کے تیسرے مرحلہ کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ بی جے پی ریاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو شکست دینے کے لئے ہر حربہ اختیار کرسکتی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی موجودہ اسمبلی کی معیاد 16جنوری 2024 کو ختم ہونی ہے لیکن سیاسی مبصرین کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے وسط مدتی انتخابات کے انعقاد کے لئے قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل کی جاسکتی ہے اور مرکزی وزیر داخلہ نے اپنے خطاب کے دوران تلنگانہ میں انتخابات کے لئے تیار رہنے کا دعویٰ کرتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دیا تھا اورریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران بھی کہا جا رہاتھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل کی جاسکتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے ایسے کوئی اشارے نہیں دیئے گئے جبکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات بالخصو ص تقررات کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے اعلامیہ کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت عاجلانہ انتخابات کے حق میں ہے ۔ وزیر اعظم کے دورۂ حیدرآباد کے دوران ریاستی بی جے پی قائدین سے ملاقات کے منصوبہ کے انکشاف کے بعد وسط مدتی انتخابات کی پیش قیاسی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ بی جے پی قائدین تلنگانہ انتخابات میں دلچسپی لے رہے ہیں اسی لئے بی جے پی قومی صدر کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ کے بعد اب خود وزیر اعظم ریاستی بی جے پی قائدین سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ ریاست میں وسط مدتی انتخابات کے لئے کانگریس نے بھی ایک سے زائد مرتبہ اس بات کا اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اگر وسط مدتی انتخابات کا ماحول تیار کرتی ہے تو ایسی صورت میں وہ مقابلہ کے لئے تیار ہے۔م