عوام افواہوں پر بھروسہ نہ کریں، سربراہی کیلئے 3100 ٹینکرس کا استعمال
حیدرآباد 28 اپریل (سیاست نیوز) عوام کو کسی رکاوٹ کے بغیر پٹرول اور ڈیزل کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے تلنگانہ سیول سپلائز ڈپارٹمنٹ نے ریاست گیر سطح پر پٹرولیم کی سربراہی میں اتوار سے 126 فیصد اضافہ کردیا ہے۔ غیر متوقع طور پر پٹرول اور ڈیزل کی خریدی میں اضافہ سے پٹرول پمپس پر عوام کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے محکمہ سیول سپلائز نے سربراہی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپس پر غیر متوقع ہجوم کی 3 اہم وجوہات ہیں۔ حال ہی میں صنعتی ڈیزل کی قیمت پر نظرثانی کرتے ہوئے فی لیٹر 150 روپئے مقرر کیا گیا۔ بڑی مقدار میں خریدی کرنے والے تجارتی ادارے عوامی گیاس اسٹیشنوں سے حاصل کررہے ہیں جہاں ڈیزل کی قیمت بدستور 95 روپئے فی لیٹر برقرار ہے۔ حکام نے بتایا کہ اچانک خریدی میں اضافہ کی دوسری وجہ پڑوسی ریاستوں آندھراپردیش اور مہاراشٹرا سے بڑی تعداد میں خریداروں کی تلنگانہ منتقلی ہے جس کے نتیجہ میں مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تلنگانہ کے سرحدی علاقے کھمم اور نرمل میں پڑوسی ریاستوں کے افراد خریداری کے لئے پہونچ رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کی افواہوں نے بھی عوام کو زائد خریدی کے لئے مجبور کردیا ہے۔ عوام غیر ضروری طور پر اندیشہ کا شکار ہوتے ہوئے خریداری میں مصروف ہیں۔ کمشنر سیول سپلائز اسٹیفن رویندرا نے آئیل مارکٹنگ کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی مناسب سربراہی کو یقینی بنائیں۔ آئیل کمپنیوں نے ڈیلرس سے اڈوانس میں آرڈرس حاصل کرتے ہوئے بہتر سربراہی کے لئے ریاست بھر میں 3100 ٹینکرس کی خدمات حاصل کی ہیں جس کے نتیجہ میں اسٹاک ختم ہونے سے قبل ہی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ہر 3 گھنٹے میں ریٹیل آؤٹ لیٹس سے اسٹاک کے بارے میں رپورٹ حاصل کی جارہی ہے اور ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ روزانہ کی صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست بھر میں روزانہ ڈیزل کی سربراہی میں 151 فیصد اضافہ ہوا۔ عام حالات میں 7348 کیلو لیٹرس ڈیزل کے بجائے 18449 کیلو لیٹر ڈیزل سربراہ کیا جارہا ہے۔ پٹرول کی سربراہی کو دوگنا کرتے ہوئے 5883 کیلو لیٹر سے 11490 کیلو لیٹر کیا گیا۔ محکمہ سیول سپلائز نے دعویٰ کیا ہے کہ حیدرآباد اور اُس کے اطراف و اکناف پٹرول اور ڈیزل کی قلت کو دور کرنے کے لئے پٹرول کی سربراہی 46 فیصد اور ڈیزل کی سربراہی میں 40 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز نے عوام کو تیقن دیا کہ تلنگانہ میں پٹرولیم کی کوئی قلت نہیں رہے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں کا شکار ہوکر اضافی خریدی سے گریز کریں۔ ہر فیول اسٹیشن میں درکار اسٹاک دستیاب رہے گا اور عوامی ضرورتوں کے علاوہ زرعی اغراض کے لئے مؤثر سربراہی عمل میں آئے گی۔ محکمہ سیول سپلائز نے عوام کی سہولت کے لئے ہیلپ لائن نمبر 1967 جاری کیا۔i/kV/1