سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی بی آر ایس اور کانگریس قائدین سے رابطہ میں
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ میں آپریشن کمل کا آغاز کردیا۔ سابق چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش کرن کمار ریڈی کھمم کے چند بی آر ایس قائدین سے رابطہ میں ہیں۔ بی جے پی قومی قیادت نے مرکزی وزیر و تلنگانہ بی جے پی صدر جی کشن ریڈی کو فوری دہلی طلب کرلیا ہے۔ بی جے پی نے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور 17 کے منجملہ 9 لوک سبھا امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 4 اور 5 مارچ کو تلنگانہ کا دورہ کرکے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھا ہے۔ عادل آباد اور سنگاریڈی میں جلسوں سے خطاب کیا ۔ 12 مارچ کو مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ حیدرآباد کے دورہ پر پہنچ رہے ہیں ماباقی لوک سبھا حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کرنے بی جے پی کی قومی قیادت ریاستی قائدین سے رابطہ میں ہے۔ باوثوق ذرائع کے بموجب بی جے پی نے دوبارہ آپریشن کمل کا آغاز کردیا ہے۔ متحدہ آندھراپردیش کے آخری چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی اور وہ سرگرم بھی ہوگئے ہیں۔ ضلع کھمم میں سابق رکن اسمبلی جلگم وینکٹ راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین سے رابطے میں ہیں۔ ساتھ ہی نلگنڈہ میں بھی چند قائدین سے بات کر رہے ہیں۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے بی آر ایس کے قائد سابق رکن پارلیمنٹ سیتارام نائیک سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ انہیں حلقہ لوک سبھا محبوب آباد سے امیدوار بنانے کی پیشکش کرچکے ہیں۔ حلقہ لوک سبھا پداپلی سے بی جے پی فنکار ایم سریندر کو امیدوار بنانے پر غور کررہی ہے۔ حلقہ لوک سبھا محبوب نگر ٹکٹ کیلئے ڈی کے ارونا اور جتیندر ریڈی میں مقابلہ ہے۔ حلقہ لوک سبھا میدک ٹکٹ کے دوڑ میں رگھونندن راؤ، جی انجی ریڈی شامل ہیں۔2