تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کے خلاف بی جے پی کارکن جدوجہد کیلئے تیار رہیں، پارٹی کی یوم تاسیس تقریب، بنڈی سنجے کا خطاب

   

حیدرآباد۔/6 اپریل، ( سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر حیدرآباد میں واقع بی جے پی دفتر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے نے پارٹی پرچم لہرایا اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کی پیش قیاسی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا ہے کہ کسانوں کے مسائل پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مرکز کو نشانہ بنارہے ہیں۔ عوام کو پھر ایک مرتبہ تلنگانہ جذبہ کے نام پر مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کیا گیا۔ بیروزگار نوجوانوں اور کسانوں سے دھوکہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عوام کے درمیان پہنچ کر حکومت کی ناکامیوں سے واقف کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی تلنگانہ میں الیکشن ہوگا بی جے پی پوری طرح تیار ہے۔ گولکنڈہ قلعہ پر زعفرانی پرچم لہرایا جائے گا۔ تلنگانہ ریاست میں خاندانی حکمرانی کے خلاف بی جے پی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر بی جے پی کارکن کو خاندانی حکمرانی کے خاتمہ کیلئے کمر بستہ ہوجانا چاہیئے۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ ہر کارکن کو پارٹی نظریات کے فروغ کیلئے کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا کی قیادت میں پارٹی تلنگانہ میں مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ترقی میں کئی قائدین کی قربانیاں شامل ہیں۔ 2 نشستوں سے بی جے پی آج 300 سے زائد لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا ریکارڈ رکھتی ہے۔ تقریب میں رکن اسمبلی راجہ سنگھ اور دیگر قائدین موجود تھے۔ر