۔24 گھنٹوں میں 400 برقی ٹرانسفارمرس بہہ گئے ، صدر نشین ٹرانسکو و جینکو ڈی پربھاکر راؤ
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں ہونے والی بارش کے سبب محکمہ برقی کے ادارہ جات کو کروڑہا روپئے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود ٹرانسکو اور جینکو کی جانب سے برقی سربراہی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے بعد صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ٹرانسکو و جینکو مسٹر ڈی پربھاکر راؤ نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ہمراہ ریاست میں برقی سربراہی اور نقصانات کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے سبب ریاست میں 400 سے زائد برقی ٹرانسفارمرس بہہ چکے ہیں اور کئی مقامات پر برقی تاروں کے ٹوٹ کر گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ مسٹر ڈی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود ٹرانسکو اور جینکو کا عملہ مسلسل برقی بحالی اور دیگر کاموں میں مصروف ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے سی ایم ڈی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان کو جائزہ لینے کے لئے دی گئی ہدایات میں کہا گیا کہ وہ ریاست بھر میں برقی کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں اور جہاں تک ممکن ہوسکے جلد از جلد برقی سربراہی کو بحال کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ مسٹر پربھاکر راؤ نے برقی عملہ کی جانب سے جاری کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان ہنگامی حالات میں محکمہ برقی کے عملہ کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔