تلنگانہ میں ضلع کورٹس میں 45 نئے کورٹ ہالس کی تعمیر : کرن رجیجو

   


ججس کیلئے رہائشی کوارٹرس، انفراسٹرکچر اسکیم پر 6000 کروڑ کی اجرائی، راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر کا جواب
حیدرآباد ۔16 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ تلنگانہ میں اضلاع کے ججس اور تحت کی عدالتوں کے 45 نئے کورٹ ہالس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع اور ماتحت عدالتوں کے ججس کیلئے 6 رہائشی کوارٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ بی آر ایس کے رکن ڈی دامودر راؤ کے سوال کے جواب میں وزیر قانون نے یہ اطلاع دی۔ دامودر راؤ نے ڈسٹرکٹ اور سب آرڈینیٹ کورٹس میں کورٹ رومس کی کمی اور ججس کیلئے رہائشی کوارٹرس کے بارے میں سوال کیا تھا ۔ کرن رجیجو نے بتایا کہ تلنگانہ میں 531 کورٹ ہالس موجود ہیں جبکہ ججس کی تعداد 410 ہے اور 475 رہائشی یونٹس دستیاب ہیں۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ عدلیہ کے لئے بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی متعلقہ ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستوں کی مدد کیلئے مرکزی حکومت عدلیہ کے لئے انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کرنے کی مرکزی اسکیم پر عمل پیرا ہے جس کے تحت ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو فنڈس فراہم کئے جاتے ہیں۔ مرکز اور ریاست کے درمیان فنڈس کے خرچ کے بارے میں تناسب طئے کیا گیا ہے ۔ 1993-94 ء سے اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے جس کے تحت عدالتوں کی عمارتیں اور ججس کیلئے رہائشی کوارٹرس تعمیر کئے جاتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ اسکیم کے تحت تاحال 9445.46 کروڑ جاری کئے گئے جس میں سے 2014-15 ء تک 6001.15 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ 2021-22 ء سے 2025-26 ء تک اسکیم میں توسیع کی گئی ہے جس کے لئے 9000 کروڑ بجٹ مختص کیا گیا جس میں مرکز کی حصہ داری 5307 کروڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ ہال اور رہائشی کوارٹرس کے علاوہ اسکیم میں وکلاء کے لئے ہالس ، ڈیجیٹل کمپیوٹر روم اور ٹائلٹ کامپلکس کو شامل کیا گیا۔ ضلع اور تحت کی عدالتوں کے لئے مرکزی اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ ر