تلنگانہ میں ضمنی چناؤ نہیں ہوگا، ارکان بے فکر رہیں: ریونت ریڈی

   

بی آر ایس دور میں منحرف ارکان کو وزارت میں شامل کیا گیا
حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں ضمنی انتخابات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ تلنگانہ اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سیاسی حلقوں میں اس بات کا پرچار کیا جارہا ہے کہ ریاست میں بعض اسمبلی نشستوں کے ضمنی انتخابات ہوں گے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اس سلسلہ میں ارکان کو فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس طرح کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے قائدین ان کے ساتھ شامل ہوں یا شامل ہونے والے دوبارہ واپس ہوجائیں چاہے کچھ ہو ضمنی انتخابات کسی بھی صورت میں نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی غیر ضروری باتوں پر اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسے قبول کریں گے۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کے 10 منحرف ارکان اسمبلی کے معاملہ میں سپریم کورٹ سے مخالف فیصلہ کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور اس پس منظر میں چیف منسٹر کا یہ بیان اہمیت کا حامل ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہماری توجہ ضمنی چناؤ پر نہیں بلکہ ریاست کی ترقی پر ہے۔ چیف منسٹر نے یاد دلایا کہ اپوزیشن نے انحراف کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ انحراف کرنے والے ارکان نے وزراء کی حیثیت سے حلف لیا اور سابق حکومت میں کوئی ضمنی چناؤ نہیں ہوئے لہذا اب ضمنی چناؤ کس طرح ہوں گے۔ ہم سابق کی روایات پر عمل پیرا ہیں اور کسی بھی رکن کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ریاست میں کوئی ضمنی چناؤ نہیں ہوگا۔1