تلنگانہ میں عنقریب نئے راشن کارڈز کی اجرائی : اتم کمار ریڈی

   

کابینہ کے اجلاس میں آج گائیڈ لائنس طئے ہوں گے

حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں عنقریب نئے راشن کارڈز جاری کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں قواعد و ضوابط کو کل یکم اگسٹ کے کابینی اجلاس میں قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مستحق خاندانوں کو نئے راشن کارڈ جاری کرنے کے حق میں ہے۔ کابینہ میں اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے وقت راشن کارڈز کی تعداد 91.68 لاکھ تھی اور فی الحال راشن کارڈز کی تعداد 89.96 لاکھ ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت نے دس برسوں میں راشن کارڈز جاری نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ پر فائن رائس سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فائن رائس کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ کی راشن کارڈ پر سربراہی کا جائزہ لے گی۔1