تلنگانہ میں مردم شماری کا آغاز، خودشماری کا نیا نظام متعارف

   

آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے مردم شماری مکمل کرنے کا فیصلہ۔ بھارتی ہولیکری
حیدرآباد ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں طویل انتظار کے بعد مردم شماری کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہورہا ہے۔ ریاستی مردم شماری کی ڈائرکٹر بھارتی ہولیکری نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خودشماری (Self-Enumeration) اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں اہم تفصیلات جاری کی۔ عام طور پر مردم شماری کا عملہ گھر گھر پہنچ کر تفصیلات جمع کرتا ہے لیکن اس بار جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے حکومت نے عوام کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی تفصیلات خود آن لائن رجسٹر کرسکے۔ ڈائرکٹر بھارتی ہولیکری نے بتایا کہ لوگ ملک میں کہیں بھی ہو، آن لائن پورٹل کے ذریعہ اپنا اندراج کرواسکتے ہیں۔ تاہم یہ عمل سب کیلئے لازمی نہیں بلکہ ایسا متبادل آپشن کے طور پر دیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر مردم شماری نے واضح کیا کہ مردم شماری کے مجموعی طور پر 33 سوالات ہوں گے۔ آن لائن اندراج کرنے والوں کو صرف 27 سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔ باقی 6 سوالات کی تفصیلات دوسرے مرحلہ میں گھر آنے والے شمار کنندہ (Enumerator) کو فراہم کرنی ہوں گی۔ آن لائن اندراج مکمل کرنے والوں کو ایک (Referenc Number) موصول ہوگا جو شمار کنندہ کے گھر آنے پر اسے دکھانا لازمی ہوگا۔ محکمہ نے واضح کیا ہیکہ چاہے کسی خاندان نے خودشماری کی ہو یا نہ کی ہو دوسرے مرحلہ میں شمارکنندہ کا ہر گھر میں آنا لازمی ہے۔ جو لوگ آن لائن تفصیلات نہیں کروائے ان سے تمام معلومات موقع پر ہی جمع کی جائیں گی۔ خودشماری کا یہ موقع 10 مئی تک دستیاب رہے گا۔ ڈائرکٹر ریاستی مردم شماری بھارتی ہولیکری نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ اس اہم قومی عمل میں تعاون کریں اور درست تفصیلات فراہم کریں تاکہ ریاست کی ترقی اور منصوبہ بندی میں مدد مل سکے۔2/A/b