اگست میں ہر کالج میں 50 نشستوں پر داخلے، 4 میڈیکل کالجس کی اجازت التواء میں
حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) نیشنل میڈیکل کمیشن نے تلنگانہ میں مزید 4 سرکاری میڈیکل کالجس کی منظوری دی ۔نئے منظورہ میڈیکل کالجس ملگ، نرسم پیٹ (ورنگل)، گدوال اور نارائن پیٹ میں قائم کئے جائیں گے۔ ہر کالج میں 50 ایم بی بی ایس نشستوں کی منظوری دی گئی ۔ اگست میں ایم بی بی ایس کونسلنگ کے ذریعہ اِن نشستوں کو پُر کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ قطب اللہ پور، مہیشورم، میدک اور یادادری میڈیکل کالجس کے اجازت ناموں کو نیشنل میڈیکل کمیشن نے معرض التواء میں رکھا ہے۔ حکومت نے مذکورہ کالجس کیلئے خانگی عمارتوں کو کرایہ پر حاصل کیا جبکہ نیشنل میڈیکل کمیشن کے قواعد کے مطابق سرکاری میڈیکل کالجس خانگی عمارتوں میں قائم نہیں کئے جاسکتے۔ قواعد کے مطابق کسی عمارت کا کرایہ نامہ 30 سال تک ہونا چاہئے لیکن حکومت نے میڈیکل کمیشن کو جو تفصیلات فراہم کی ہیں اُن میں کرایہ نامہ کی مدت درج نہیں ہے جس پر مذکورہ کالجس کے اجازت ناموں کو روک دیا گیا۔ کمیشن کے پاس اپیل کیلئے حکومت کو اجازت دی گئی جس میں حکومت سے کرایہ نامہ کی تفصیلات پیش کی جاسکتی ہیں۔ سرکاری عہدیداروں کو یقین ہے کہ باقی 4 میڈیکل کالجس کی منظوری بھی مل جائیگی۔ قطب اللہ پور، مہیشورم، میدک اور یادادری میں حکومت نے میڈیکل کالجس اور ٹیچنگ ہاسپٹلس کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ان کالجس میں فیکلٹیز کا تقرر کیا گیا ۔ حکومت نے اڈیشنل ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن عہدہ پر سبکدوشی کی عمر کی حد میں 61 سال سے اضافہ کرکے 65 سال کردیا ہے۔ اِس سلسلہ میں گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اِسی دوران حکومت نے میڈیکل ایجوکیشن میں مزید جائیدادوں کی منظوری دی ہے۔ 1