راہول گاندھی نے پہلے ہی وضاحت کردی تھی، کے سی آر کے سبب بی جے پی کو موقع ملا
حیدرآباد ۔10۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس کے ساتھ کسی بھی مفاہمت کے امکانات کو مسترد کردیا ۔ پارٹی کے سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے امکانی مفاہمت سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے واضح کردیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی تنہا مقابلہ کرے گی اور ٹی آر ایس سے کوئی مفاہمت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈگ وجئے سنگھ کے بیان پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتے تاہم ان کے نزدیک ہائی کمان کا فیصلہ اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کے جلسہ عام میں راہول گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ ٹی آر ایس کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی اور جو قائدین اس بارے میں تائید کریں گے ، وہ پارٹی چھوڑ کر جاسکتے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سی آر کی جانب سے گزشتہ 8 برسوں میں کئے گئے گناہوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے بی جے پی کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ وہی بی جے پی آج کے سی آر کے لئے درد سر بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر عیسائیوں ، مسلمانوں اور بائیں بازو جماعتوں کے حامیوں کو ٹی آر ایس کی طرف لانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ یہ طبقات ٹی آر ایس سے دور ہوچکے ہیں۔ انتخابی فائدہ کیلئے کے سی آر نے ہمیشہ جھوٹے وعدوں سے کام لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں کوئی مضبوط قیادت نہیں ہے اور اسے اسمبلی الیکشن میں 10 نشستیں بھی حاصل نہیں ہوں گی ۔ کے سی آر تلنگانہ میں مغربی بنگال کی طرح منصوبہ پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ر