6 ضمانتوں پر ڈسمبر سے عمل آوری : ریونت ریڈی
شمس آباد ۔9۔نومبر (سیاست نیوز) راجندر نگر اسمبلی حلقہ میں شمس آباد کے موضع تونڈ پلی میں کانگریس کے جلسہ عام میں پی سی سی صدر ریونت ریڈی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں عوام بی آر ایس کے جھوٹے وعدوں سے بیزار ہوچکی ہیں ۔ کانگریس نے 6 ضمانتیں دیئے اس پر 9 ڈسمبر سے عمل ہوگا ۔ گیس سلینڈر 500 روپئے ، رعیتو بھروسہ ، گرہا ، 4000 پنشن ، اعلیٰ تعلیم کیلئے نوجوان طلبہ و طالبات کو پانچ لاکھ روپئے اور اندراماں ہاؤس اسکیم کے تحت بے گھر افراد کو اراضی مختص کی جائے گی اور تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے دیئے جائیں گے ۔ کانگریس جو وعدہ کرتی ہے ، اس پر عمل بھی کرتی ہے۔ راجندر نگر حلقہ میں ترقیاتی کام کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کو شکست کا خوف پیدا ہوگیا ہے اور وہ اپنی کامیابی کیلئے مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے اور وہ مجلس صدر اسد اویسی کے ساتھ مل کر مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسد او یسی شاستری پورم میں مقیم ہیں لیکن شاستری پورم کی حالت بھی خراب ہے ، وہاں کوئی ترقی نہیں ہوئی ۔ اسد اویسی نے مسلمانوں کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ عوام خاص کر مسلمان بھائیوں کو چاہئے کہ ماموں اور بھانجے کے جھانسہ میں نہ آئیں۔ راجندر نگر کی ترقی کیلئے کستوری نریندر کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ راجندر نگر حلقہ کے میونسپلٹیز ، منڈلس کے بی آر ایس ، بی جے پی اور سی پی آئی کے سینکڑوں قائدین جس میں سرپنچس ، کونسلرس، ایم پی ٹی سی ممبر وارڈ ممبرس وغیرہ نے بھاری تعداد میں کستوری نریندر کی قیادت میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ راجندر نگر بی آر ایس اقلیتی قائدین نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کانگریس کو طاقت فراہم کی ہے۔