حیدرآباد۔26 جنوری (یواین آئی) تلنگانہ بی جے پی کے صدر اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے کہا ہے کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آئین، عدالت اور قومی پرچم کی توہین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم کے باوجود پریڈ گراؤنڈسکندرآباد میں یوم جمہوریہ کی تقاریب کا انعقاد نہ کرنا بابا صاحب امبیڈکر کی توہین ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہر قدم پر خاتون گورنر کی توہین کی جارہی ہے ۔ سنجے نے یوم جمہوریہ کے موقع پر بی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں آئین کے خلاف حکومت کی جا رہی ہے ۔ چیف منسٹر عدالتوں اور آئین کا کوئی احترام نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آج دلت، قبائیل اور پسماندہ طبقات کو بھی ووٹ کا حق ملا، یہ امبیڈکر کے آئین کی وجہ سے ہی ممکن ہوا۔