ایک سال گذر جانے کے باوجود مختص کردہ 100 کروڑ روپئے بجٹ میں ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا گیا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے ویمن کالج کوٹھی کو ایک سال قبل بجٹ سیشن کے دوران تلنگانہ کی پہلی ویمن یونیورسٹی کے طور پر ترقی دینے کا اعلان کیا تھا ۔ جاریہ سال بجٹ سیشن شروع ہونے کے لیے چار دن باقی رہ گئے ہیں لیکن حکومت کا اعلان صرف ’ کاغذی ‘ کی حد تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ۔ اس میں ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ یونیورسٹی میں ترقیاتی کاموں کے لیے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ہے ۔ عملہ کی تنخواہوں کے لیے مختص کردہ بلاک گرانٹ تاحال پوری طرح جاری نہیں کیا گیا ۔ خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے معاملے میں مزید سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت نے کوٹھی ویمن کالج کو ویمن یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا سرکاری طور پر اعلان کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جنوری میں اس کا اعلان کیا تھا گذشتہ سال 7 مارچ کو اسمبلی میں پیش کردہ بجٹ میں ویمن یونیورسٹی کے لیے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے ۔ کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لیے اسمبلی میں بل پیش کرنا لازمی ہوتا ہے تاہم اس کے بعد منعقدہ اسمبلی سیشن میں بل پیش نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں کالج یونیورسٹی میں تبدیل نہیں ہوئی ۔ ویمن کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لیے اسپیشل آفیسر کا تقرر نہیں کیا گیا ۔ یونیورسٹی کے لیے مختص کردہ 100 کروڑ کے بجٹ میں کوئی رقمی منظوری نہیں دی گئی جس سے نئی عمارتوں کی تعمیرات میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ یونیورسٹی کے عملہ نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے آئندہ بجٹ میں یونیورسٹی کے لیے بجٹ مختص کرنے کی تحریری طور پر یادداشت پیش کی ۔ ریاست میں محکمہ تعلیم کے تحت 11 یونیورسٹیز ہیں صرف چند یونیورسٹیز مثلا تلگو یونیورسٹی اور آرکیٹکچر یونیورسٹی کے عملے کی تنخواہوں کے لیے مکمل بجٹ دیا گیا ۔ جے این ٹی یو ایچ ، عثمانیہ یونیورسٹی ، کاکتیہ جیسی یونیورسٹیز کو مکمل بجٹ جاری نہیں کیا گیا ۔ گذشتہ سال بجٹ میں مختص کئے گئے بلاک گرانٹ فنڈز اب تک پوری طرح جاری نہیں کیا گیا ۔ مثال کے طور پر پالمور یونیورسٹی کے لیے گذشتہ بجٹ میں 9.85 کروڑ روپئے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تاحال صرف 4.50 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔ 55 فیصد فنڈز ابھی جاری ہونا باقی ہے ۔ ریاست کے چند دوسری یونیورسٹیز کی بھی یہی صورتحال ہے ۔ یونیورسٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نلگنڈہ میں واقع مہاتما گاندھی یونیورسٹی کو 25.82 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے ۔ ابھی تک صرف 22 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔۔ ن