حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 18 جون کو سہ پہر 3 بجے سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ نظم و نسق کو پیپر لیس بناتے ہوئے ای گورننس نظریہ کے تحت یہ پہلا ای کابینی اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں ای فائلز اور ایجنڈہ کے ذریعہ مختلف امور پر مباحث ہوں گے ۔ کابینی اجلاس میں میٹرو فیس I کو حکومت کی تحویل میں لینے کے مسئلہ پر تفصیلی مباحث کا امکان ہے۔ حکومت نے ایل اینڈ ٹی سے میٹرو فیس I اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور فیس II پر عمل آوری کے لئے مرکز کی اجازت کا انتظار ہے ۔ کابینہ میں زرعی مسائل کے علاوہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر بھی مباحث ہوں گے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ملکاجگری اور سائبر آباد کارپوریشنوں کے انتخابات پر بھی مباحث کا امکان ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ حکومت انتخابات کے سلسلہ میں اہم فیصلہ کرے گی۔ حکومت کے 99 روزہ پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام کے نتائج پر بھی غور کیا جائے گا۔ 1/k