حیدرآبا۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اہم اجلاس 6 مارچ کو 2 بجے دن چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اسمبلی کے مجوزہ بجٹ سیشن اور حال ہی میں طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے پس منظر میں کابینی اجلاس اہمیت کا حامل ہے اور اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بی سی تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ حکومت اسمبلی میں بی سی تحفظات کا بل پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے اور توقع ہے کہ بل کے مسودہ کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی کابینہ منظوری دے گی۔ طبقاتی سروے کے دوسرے مرحلہ کی رپورٹ کابینہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے بجٹ سیشن میں بل کی منظوری کی تیاری ہے اور بل کو دستوری ترمیم کیلئے مرکزی حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔ ایس سی زمرہ بندی کو تلنگانہ حکومت نے منظوری دے دی ہے اور توقع ہے کہ اس سلسلہ میں بھی علحدہ بل پر کابینہ میں غور کیا جائے گا۔ غریب خاندانوں میں راشن کارڈز کی اجرائی کا معاملہ بھی کابینہ میں زیر بحث آسکتا ہے۔ جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز ہوگا جس کے فوری بعد چیف منسٹر کی قیادت میں کُل جماعتی وفد نئی دہلی پہنچ کر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرسکتا ہے۔ بی سی تحفظات میں اضافہ کیلئے دستوری ترمیم کی درخواست کی جائے گی۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے شروع ہوگا اور ایسے میں چیف منسٹر کی قیادت میں کُل جماعتی وفد اہم سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریگا۔1