تلنگانہ کی ترقی کے لیے مرکز کے ساتھ ملکر کام کرنے تیار ہوں : ریونت ریڈی

   

مجھے تنقیدوں کی پرواہ نہیں۔ فنڈس کیلئے نریندر مودی سے بار بار ملاقات کا عزم، ظہیرآباد میں ترقیاتی کاموں کا آغاز، جلسہ عام سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 23 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ ترقی کے لئے وہ مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ میں آج مختلف ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا۔ اِس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے متحدہ میدک ضلع کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کرنے کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ ریاست کی ترقی کے لئے مرکز کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز اور ریاستی حکومتیں باہم مل کر اور اشتراک سے کام کریں تب ہی ترقی ممکن ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ ترقی کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں اور وہ اِس سلسلہ میں کسی کی تنقیدوں کی پرواہ نہیں کریں گے۔ چیف منسٹر نے میدک ضلع سے سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی وابستگی کا حوالہ دیا اور کہاکہ میدک کا مطلب اندراماں اور اندراماں کا مطلب میدک بن چکا ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ میدک کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے۔ چیف منسٹر نے ظہیرآباد میں پراجکٹ کی تعمیر کے لئے اراضی سے محروم 5612 خاندانوں کے لئے اندراماں ہاؤزنگ کی منظوری کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ظہیرآباد کو صنعتوں کے گیٹ وے میں تبدیل کرنے کے لئے وہ اقدامات کریں گے تاکہ صنعتی ترقی سے مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ اُنھوں نے ظہیرآباد کی ترقی کے لئے ضروری فنڈس جاری کرنے کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ نارائن کھیڑ میں ترقیاتی کاموں کے لئے جلد ہی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ پٹن چیرو کا علاقہ ’’منی انڈیا‘‘ کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتا ہے۔ جس وقت اندرا گاندھی ملک کی وزیراعظم تھیں اِس علاقہ میں ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ سنگور پراجکٹ کو ایکو ٹورازم کے تحت ترقی دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس نے برسر اقتدار آتے ہی انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز کیا ہے۔ کسانوں کی قرض معافی کے تحت 21 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ 5 برسوں میں تلنگانہ میں ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کا منصوبہ ہے۔ اڈانی اور امبانی سے مسابقت کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے متحدہ میدک ضلع کی ترقی کے لئے جامع منصوبہ تیار کرنے کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اندرا گاندھی آخری سانس تک میدک کی رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے برقرار رہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بہت جلد ہونڈائی کار تیار کرنے والی کمپنی کے یونٹ کا قیام عمل میں آئے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابات کے وقت سیاست کی جانی چاہئے اور بعد میں ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کی جائے۔ غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی، 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، سیلف ہیلپ گروپس کو قرض کی اجرائی اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے۔ سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ ہر گھر کو ایک روزگار کا وعدہ کرنے والوں نے صرف اپنے افراد خاندان کو روزگار فراہم کیا اور بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔ کانگریس حکومت نے برسر اقتدار آنے کے بعد ایک سال میں 50 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز سے تلنگانہ کو فنڈس حاصل کرنے کے لئے وہ وزیراعظم نریندر مودی سے بار بار ملاقات کے لئے تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابات میں سیاست اور پھر بعد میں عوام کی بھلائی اُن کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنھوں نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے اسمبلی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے عوامی مسائل پر اظہار خیال کریں، حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ قائد اپوزیشن کو ریاست کی ترقی کے لئے تعمیری تجاویز پیش کرنی چاہئے۔ صرف اقتدار میں رہنے پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے کا رجحان ٹھیک نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس طرح کے نظریہ پر عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عوامی نمائندوں کو ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر مسائل حل کرنے چاہئے۔ شکست ہو یا کامیابی دونوں صورتوں میں عوام کے درمیان رہیں۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود میں نے کبھی بھی غرور و تکبر کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ہر چھوٹے بڑے سے میں ملاقات کرتا ہوں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ریاست کے عوام کو ترقی کے فوائد سے مستفید کرنے تک وہ آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ اِس موقع پر ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا، کونڈہ سریکھا، حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد سریش شیٹکر اور مقامی ارکان اسمبلی و کونسل موجود تھے۔1