حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ تلنگانہ کی سیاست آلودہ ہوچکی ہے۔ ترجیحات تبدیل ہوچکی ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کی فکر کسی کو نہیں رہی۔ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے شہیدوں کی قربانیوں کو فراموش کرچکی ہے۔ کودنڈا رام نے اپنی پارٹی کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ برسر اقتدار ٹی آر ایس کا سیاسی متبادل بننے کے لئے سخت محنت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کا قیام کسی ایک فرد کا کارنامہ نہیں ہے۔ عوام کے تمام طبقات نے تلنگانہ کی تشکیل کے لئے جدوجہد کی اور قربانیاں دی ہیں۔