ملک کیلئے رول ماڈل ، اسمبلی میں وزیر لیبر ویویک وینکٹ سوامی کا جواب
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے تلنگانہ حکومت کی اقل ترین تنخواہوں کی پالیسی پر عمل آوری کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرس کے لئے اقل ترین تنخواہوں کا تعین کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران اقل ترین تنخواہوں پر عمل آوری کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد غیر منظم ورکرس کیلئے اقل ترین تنخواہوں کا نہ صرف تعین کیا گیا بلکہ عمل آوری کی جارہی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اقل ترین تنخواہوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے جی ویویک وینکٹ سوامی نے وضاحت کی کہ حکومت کا مقصد ملازمین اور ورکرس کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانا ہے اور ورکرس کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جی او نمبر 6 مورخہ یکم جون 2026 کے ذریعہ مختلف صنعتوں اور اداروں کے تحت کام کرنے والے 1.10 کروڑ ورکرس کی تنخواہوں پر نظرثانی کا نفاذ شروع کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر صنعت سریدھر بابو کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں ، لیبر تنظیموں سے وسیع تر مشاورت کے بعد اقل ترین تنخواہوں کا تعین کیا گیا ہے۔ وزیر لیبر نے کہا کہ اقل ترین تنخواہوں کو سختی کے ساتھ نافذ کیا جائے گا اور سنگارینی کالریز اور این ٹی پی سی میں عمل آوری نہ کرنے کی شکایات کی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سنگارینی کالریز کے کنٹراکٹ ورکرس کی تنخواہوں میں نظرثانی کریگی۔ سرپور پیپر مل کی کشادگی کے ضمن میں وزیر لیبر نے واضح کیا کہ عدالت کے فیصلہ کے بعد حکومت کارروائی کرے گی۔1/k/m/b