محبوب نگر میں درجہ حرارت 37 ڈگری ریکارڈ ، ایل نینو کے اثرات
حیدرآباد۔8۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ضلع محبوب نگر میں آج درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جبکہ شہر حیدرآباد میں 35 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کے نتیجہ میں موسم گرما کی طرح گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی تھی لیکن سہ پہر کے بعد ہونے والی معمولی ہلکی اور تیز بارش کے بعد گرمی کی شدت میں معمولی گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور مطلع ابرآلود ہوگیا۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سلسلہ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم باراں کے اختتام کے ساتھ ہی موسمی تبدیلیوں کے امکانات ظاہر کئے گئے تھے اور کی گئی پیش قیاسی کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے جبکہ شام کے اوقات میں موسم خوشگوار ہونے لگا ہے ۔ ریکارڈ کی جانے والی موسمی تبدیلیوں کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ایل نینو کے اثرات دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں ریکارڈ کئے جانے لگے ہیں اور آئندہ دنوں کے دوران بھی موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی کے امکانات نہیں ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں اور تلنگانہ کے بعض اضلاع میں آئندہ چند یوم کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا جارہاہے کہ دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ رات کے اوقات میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے نتیجہ میں رات کے اوقات میں موسم خوشگوار رہ سکتا ہے۔3/m/b