سرکاری دفاتر کیلئے الیکٹرک موٹر کاریں خریدنے ایجنسیوں کو قطعیت
حیدرآباد۔4۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے تمام سرکاری ملازمین کو تلنگانہ اسٹیٹ رینیویبل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے آسان اقساط پر الکٹرک بائیکس کی فراہمی کے اقدامات کے بعد اب ٹی ایس ریڈکو نے ریاست بھر میں 1301 مقامات پر الکٹرانک موٹر وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اب تک ریاست میں مجموعی اعتبار سے 292 چارجنگ اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے لئے الکٹرانک وہیکل کی فراہمی کے سلسلہ میں ریڈکو کے اقدامات کے ساتھ ہی سرکاری ملازمین میں الکٹرانک وہیکل کی خریدی کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔۔ ٹی ایس ریڈکو کے ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو الکٹرک بائیکس کی فراہمی کی منظوری کے بعد اسکیم کے متعلق تفصیلات کا انکشاف کیا جائے گا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں الکٹرک بائیک ‘ موٹر سیکل ‘ موپیڈ کے علاوہ آٹو رکشا کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور الکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنے کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے تمام سب اسٹیشنس پر الکٹرک چارجنگ اسٹیشنس کی تنصیب کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ٹی ایس ریڈکو کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے مختلف محکمہ ٔ جات میں 46 چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جا چکے ہیں تاکہ سرکاری ملازمین ان چارجنگ اسٹیشنوں سے استفادہ کرتے ہوئے گاڑیوں کو چارج کرسکیں۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مجموعی طور پر 20000الکٹرک گاڑیاں زیر استعمال ہیں جن میں15ہزار الکٹرک بائیکس ہیں اور ان میں بیشتر گاڑیاں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود ہیں اسی لئے شہر حیدرآباد میں ہی زیادہ سے زیادہ چارجنگ اسٹیشن حیدرآباد میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ریاست میں شہر حیدرآباد‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل۔ملکاجگری کے علاوہ ضلع ورنگل کے علاوہ کریم نگر میں بھی الکٹرک گاڑیاں چلائی جارہی ہیںحالیہ عرصہ میں نظام آباد میں بھی الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے سرکاری محکمہ جات میں الکٹرک کاروں کو کرایہ پر حاصل کرنے کے سلسلہ میںان کاروں کی فراہمی یقینی بنانے والی ایجنسیوں کو قطعیت دینے کا عمل آخری مراحل میں ہے۔مرکزی حکومت نے ریاست میں الکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لئے چارجنگ اسٹیشن کے قیام کے لئے 1000کروڑ روپئے مختص کئے ہیں اور ان چارجنگ اسٹیشنس کے قیام کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔م