بی جے پی کی مخالفت، چرلا پلی ریلوے ٹرمنل کو پوٹی سری راملو اور آیورویدک ہاسپٹل کو روشیا کے نام سے موسوم کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تجویز
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں تلگو یونیورسٹی کا نام پوٹی سری راملو کے بجائے سوراورم پرتاپ ریڈی سے موسوم کرنے سے متعلق بِل کو منظوری دے دی گئی۔ بی جے پی ارکان کے احتجاج کے باوجود ایوان نے متفقہ طور پر بِل کو منظور کرلیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی جے پی کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی تقسیم کے وقت متحدہ آندھراپردیش کی کئی یونیورسٹیز کے نام علیحدہ آندھراپردیش میں برقرار ہیں ایسے میں تلنگانہ کے لئے یونیورسٹیز کے نام تبدیل کرنا انتظامی سہولت کے لئے ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مجھے یہ سوچ کر اُلجھن ہوتی ہے کہ سیاست آلودہ ہوچکی ہے یا سیاسی قائدین کی سوچ۔ اُنھوں نے کہاکہ پوٹی سری راملو کی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی نے کم نہیں سمجھا ہے اور پوٹی سری راملو کی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ حکومت نے انتظامی سہولت کے طور پر کچھ پالیسی فیصلے کئے ہیں۔ حکومت نے علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں جدوجہد کرنے والی نامور شخصیتوں کو خراج پیش کرنے کے لئے مختلف اداروں کو اُن کے نام سے منسوب کیا ہے۔ یہ عمل گزشتہ 10 برسوں سے جاری ہے۔ بعض سیاسی عناصر عوام میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو قائدین کے شایان شان نہیں۔ این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کا نام تبدیل کرتے ہوئے کالوجی نارائن راؤ سے موسوم کیا گیا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ این ٹی آر کی بے حرمتی کی گئی۔ این جی رنگا اگریکلچر یونیورسٹی کا نام پروفیسر جئے شنکر سے موسوم کیا گیا جبکہ وائی ایس آر ہارٹیکلچر یونیورسٹی کو کونڈہ لکشمن باپوجی سے منسوب کیا گیا ہے۔ وینکٹیشورا یونیورسٹی کا نام سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ سے موسوم کیا گیا۔ اِسی روایت کو جاری رکھتے ہوئے حکومت نے پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کا نام سوراورم پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھراپردیش میں مذکورہ یونیورسٹیز کے پرانے نام برقرار ہیں، اگر ایک ہی نام کی دو یونیورسٹیاں رہیں گی تو انتظامیہ میں اُلجھن پیدا ہوگی۔ اِسی لئے تلنگانہ حکومت نے ناموں کی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا نام لئے بغیر تنقید کی اور کہاکہ تلگو یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی کو ایک مخصوص کاسٹ کی توہین قرار دینا افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سوراورم پرتاپ ریڈی نے نہ صرف تلنگانہ مسلح جدوجہد کی قیادت کی بلکہ ریاست کے لئے اُن کی غیرمعمولی خدمات ہیں۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ چرلا پلی ریلوے ٹرمنل کو پوٹی سری راملو کے نام سے موسوم کیا جائے اور اِس سلسلہ میں وزارت ریلویز سے منظوری کے لئے بی جے پی قائدین مساعی کریں۔ چیف منسٹر نے آنجہانی کے روشیا کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ بلکم پیٹ میں واقع نیچر کیور ہاسپٹل آنجہانی کے روشیا کے نام سے موسوم کیا جائے گا اور اُن کا مجسمہ نصب کرتے ہوئے سرکاری طور پر ہر سال یوم پیدائش اور برسی تقاریب منائی جائیں گی۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے چیف منسٹر کی تجویز کی تائید کی اور کہاکہ بلکم پیٹ آیورویدک ہاسپٹل کو آنجہانی کے روشیا کے نام سے موسوم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بی جے پی کی مخالفت کے باوجود تلگو یونیورسٹی نام تبدیلی کا بِل منظور کرلیا گیا۔ 1