تمام آبپاشی پراجکٹس میں دھاندلیوں کی تحقیقات جاری: چیف منسٹر

   

اس دورہ میں چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی‘ مسٹر ڈی سریدھر بابو‘ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ دیگر وزراء موجود تھے ۔ کانگریس ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کے علاوہ دورہ میں مجلسی ارکان اسمبلی میر ذوالفقار علی ‘ جعفر حسین معراج اور کوثر محی الدین کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی موجود تھے اس کے علاوہ سی پی آئی رکن اسمبلی سامبا شیواراؤ نے بھی دورہ میں شرکت کرتے ہوئے پراجکٹ کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے میدی گڈہ بیاریج کا دورہ کرنے کے بعد ریاستی وزراء ‘ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ جائزہ اجلاس کے دوران کالیشورم پراجکٹ میں ہوئی دھاندلیوں کی تفصیلات کے متعلق آگہی حاصل کی ۔چیف منسٹر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کو اقتدار سے محرومی کے بعد نلگنڈہ اور نلگنڈہ کے فلورائیڈ کے مسائل یاد آنے لگے ہیں۔ انہو ںنے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے اسمبلی میں آئیں اور حکومت اپنا مشورہ دیں۔ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بارہا کہا جا رہاہے کہ کے سی آر اسمبلی میں آئیں اور بات کریں عوام کے درمیان پہنچ کر عوام کو گمراہ کرتے ہوئے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ انہوں نے تلنگانہ عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کے سی آر کی سیاسی کوششوں کو ناکام بنائیں کیونکہ کے سی آر کالیشورم پراجکٹ کی بدعنوانیوں سے بچنے کے لئے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات میں عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی جو کے سی آر کی بدعنوانیوں کی تحقیقات کی بات کرتی ہے نے واضح کردیا ہے کہ وہ بدعنوان کے سی آر کے ساتھ ہے کیونکہ میدی گڈہ بیاریج کا جو دورہ کیا گیا ہے وہ دراصل کے سی آر کی بدعنوانیوں کو منظر عام پر لانے کے سلسلہ میں اہم پیشرفت ہے۔3