تمام محکموں میں بہتر تال میل کا مظاہرہ ، گنیش جلوس کا پرامن اختتام : پولیس کمشنر

   

حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار نے شہر میں گنیش جلوس کے پرامن اختتام کا اعلان کیا۔ حسین ساگر جھیل پر سکریٹریٹ کے قریب آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے کہا کہ حیدرآباد میں گنیش جلوس کا پرامن اختتام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے شوبھایاترا اور جلوس کے اختتام میں تاخیر کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بہترین انتظامات اور تمام محکموں کے تال میل سے پرامن پروگرام اختتام کو پہنچا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گیش جلوس میں پیپر پلیٹ کے استعمال سے کافی مشکلات کا سامنا رہا اور آئندہ سال پیپر سارٹ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا اور آئندہ سال مزید بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ پیپرپلیٹ کے استعمال سے گندگی اور کچرہ کی بھرمار ہوئی ہے جس سے صفائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال گنیش تہوار کے آغاز سے قبل تمام آرگنائزرس اور بالخصوص گنیش اتسو سمیتی سے مشاورت کی جائے گی۔ جلوس کے دوران قابل اعتراض انداز میں ناچ گانے پر بھی قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کے سبب جلوس کے اختتام میں تاخیر ہوئی۔ انہوںنے بتایا کہ خیریت آباد گنیش کا 30 لاکھ شہریوں نے درشن کیا اور بالاپور گنیش کا 15 لاکھ شہریوں نے درشن کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں سے حیدرآباد میں پولیس ملازمین نے انتھک کوشش کی اور بہترین خدمات کے سبب گنیش جلوس کا پرامن اختتام ہوا۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے ہر ملازم اور دیگر محکموں کے ملازمین اور ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا۔عa/b/