ممبئی،28 اپریل (ایجنسیز) بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی سوپرہٹ فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئل کی باضابطہ تصدیق کردی ہے، جس کے بعد فلمی حلقوں اور مداحوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ اس مجوزہ فلم کی ہدایت کاری ایک بار پھر نامور ہدایت کار راج کمار ہیرانی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق فلم پر ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے اور کہانی اور پلاٹکو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ عامر خان نے اس منصوبے کو نہایت دلچسپ اور منفرد قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ نئی فلم میں پہلی فلم جیسا مزاح تو ہوگا، لیکن کہانی ایک مختلف اور غیر روایتی انداز میں پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سیکوئل کی کہانی پہلی فلم کے واقعات کے کئی برس بعد سے شروع ہوگی، جہاں مرکزی کرداروں کی زندگی کے نئے پہلوؤں کو دکھایا جائے گا۔ اس بات کا بھی قوی امکان ظاہرکیا جا رہا ہے کہ فلم میں پرانے کردار دوبارہ نظر آئیں گے، جنہوں نے پہلی فلم میں ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔ یاد رہے کہ تھری ایڈیٹس سال 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے نہ صرف باکس آفس پر ریکارڈ کامیابی حاصل کی بلکہ اپنے منفرد موضوع، تعلیمی نظام پر طنز اور جذباتی کہانی کے باعث ایک یادگار فلم کا درجہ حاصل کیا تھا۔ فلم کے کردار اور مکالمے آج بھی شائقین میں بے حد مقبول ہیں۔ فلمی ماہرین کے مطابق اس سیکوئل کا اعلان ایک بڑا قدم ہے، تاہم اس پر شائقین کی توقعات بھی بہت زیادہ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نئی فلم میں مضبوط کہانی، جاندار کردار اور مؤثر ہدایت کاری برقرار رکھی گئی تو یہ فلم بھی کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔ بالی ووڈ میں اس اعلان کے بعد نئی بحث چھڑگئی ہے اور شائقین بے صبری سے اس فلم کی مزید تفصیلات اور ریلیز کا انتظارکررہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عامر خان اور راج کمار ہیرانی کی کامیاب جوڑی ایک بار پھر وہی جادو جگا پاتی ہے یا نہیں، جس نے تھری ایڈیٹس کو ایک کلاسک فلم بنا دیا تھا۔