ایڈوکیٹ خواجہ معز الدین قتل کیس
حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) شہر کے مشہور وکیل خواجہ معزالدین کو کار سے ٹکر دے کر قتل کروانے والے مقدمہ میں نامپلی کریمنل کورٹ نے 3 ملزمین کی 2 دن کی پولیس تحویل منظور کی ہے۔ 12 ویں ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹس نے پولیس نامپلی کی جانب سے داخل کی گئی 5 دن کی پولیس تحویل کی درخواست کی سماعت کے بعد آج اس کیس کے تین ملزمین مجاہد عالم خان، کشن سنگھ اور ابھیجیت کو 2 دن یعنی 11 اور 12 جون تک کیلئے پولیس تحویل میںدینے کے احکامات جاری کئے ۔ واضح رہے کہ 23 مئی کو علاقہ شانتی نگر مانصاحب ٹینک میں خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ کو اسکارپیو کار کے ذریعہ ٹکر دے کر قتل کردیا گیا تھا اور اس کیس میں نامپلی پولیس نے 29 مئی کو 7 ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا تھا کہ خواجہ معزالدین کو قتل کرنے کیلئے 15 لاکھ روپئے کنٹراکٹ کرائے کے قاتلوں کو دئے گئے تھے اور قتل کی اصل وجہ ممتاز یارالدولہ کے تحت موجودجائیدادیں اور ایڈوکیٹ خواجہ معزالدین کی اس سے جڑے مقدمات میں پیروی بتائی گئی ہیں۔گاڑی سے ٹکر دے کر قتل کرنے کے بعد اس کیس کے ملزمین شہر سے فرار ہوگئے تھے اور اہم ملزم کشن سنگھ کو پولیس نے دہلی سے گرفتار کیا تھا جب وہ ہریانہ پانی پت فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ اتنا ہی نہیں مقتول ایڈوکیٹ کو ٹکر دینے والی کار ابھیجیت عرف نانی چلا رہا تھا جو ڈرائیو نگ میں ماہر بتایا جاتا ہے۔معزالدین ایڈوکیٹ قتل کیس کے دیگر دو ملزمین منیراور حسن علی عرف چاوش ہنوز مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ دونوں ملزمین کیلئے ایرپورٹ پر لک آؤٹ سرکیولر (ایل او سی) بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ انہیں بیرونی ممالک کو فرار ہونے سے روکا جاسکے ۔اس کیس کے تمام گرفتار شدہ ملزمین چنچل گوڑہ جیل میں قید ہیں اور جمعرات کو نامپلی پولیس تین ملزمین کو دو دن کیلئے تحویل میں لے کر قتل کیس میں مز ید پوچھ تاچھ کرے گی۔ بJM