ثانیہ مرزا کی رہائش گاہ پر احتجاج ، سرمایہ کاروں سے معذرت خواہی کرنے پر زور

   

QNET کی تشہیر و سرمایہ کاری کی ترغیب پر عوام دھوکہ دہی کا شکار ، پونجی اور دولت سے محروم
حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) ثانیہ مرزا نے Qnet اسکیم میں سرمایہ کاری کے لئے ہندستانی شہریوں کو راغب کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دہی کا شکار بنانے میں QNET کے دھوکہ بازوں کی مدد کی ہے اور اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا ہے تو انہیں سرمایہ کاروں سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ فینانشل فراڈ وکٹمس اسوسیشن نے گذشتہ یوم ثانیہ مرز ا کے مکان واقع بنجارہ ہلز پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے ان کے خلاف نعرے لگائے۔ ملیشیاء کی اس کمپنی QNETمیں سرمایہ کاری کرنے والوں نے کمپنی کی دھوکہ دہی کا شکار افراد اب تک 20 ہزار کروڑ روپئے سے محروم ہوچکے ہیں اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ملک بھر میں QNET کی دھوکہ دہی کی شکایات موصول ہونے کے بعد کئی مقامات پر دھاوے کرنے کے علاوہ 36 بینک کھاتوں کو مہربند کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ نومبر 2022میں ملیشیاء میں منعقد ہونے والے V-Con میں شرکت کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے ہندستانی سرمایہ کاروں کو Qnet میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا تھا اور انہوں نے اس کانفرنس میں اپنے خطاب کے دوران اسکیم کے فوائد سے واقف کرواتے ہوئے سرمایہ کاروں کو تجارت کے بہترین مواقع کے متعلق واقف کروایا تھا۔ متاثرین کی اسوسیشن کے سیکریٹری گرپریت سنگھ آنند نے بتایا کہ ممکن ہے ثانیہ مرزا کمپنی کی دھوکہ دہی سے واقف نہ ہوں اسی لئے متاثرین انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ متاثرین سے QNET کی تشہیر کے لئے معذرت خواہی کریں اگر وہ ایسا نہیں کرتی ہیں تو ان کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں شکایت درج کروائی جائے گی کیونکہ سابق میں متاثرین نے انیل کپور‘ جیکی شراف‘ پوجا ہیگڈے ‘ سنیل شیٹی کے علاوہ بومن ایرانی کے خلاف شکایت درج کرواچکے ہیں۔ احتجاجی مظاہرہ میں شامل افراد کے مطابق معروف شخصیات کی جانب سے تشہیر کے نتیجہ میں ملک کے لاکھوں افراد زائد از 20ہزار کروڑ سے محروم ہوچکے ہیں اور ان کو ہونے والے اس نقصان کے نتیجہ میں کئی سرمایہ کار اپنی زندگی کی مکمل جمع پونجی اس اسکیم میں مشغول کرچکے ہیں۔ ثانیہ مرزا کے مکان کے روبرو احتجاج کرنے والوں نے QNET اسکیم پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ اس اسکیم کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 15ہزار ہندستانی شہریوں نے ملیشیاء کا دورہ کرتے ہوئے QNet اسکیم میں سرمایہ کاری کی ہے اور اپنی دولت سے محروم ہوچکے ہیں۔م