جاب کیلنڈر کی اجرائی پر عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کا جشن

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تصویر کو دودھ سے نہلایا گیا
حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاب کیلنڈر کی اجرائی پر عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ نے جشن کا اہتمام کیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تصویر کو دودھ سے نہلایا۔ تلنگانہ اسمبلی میں آج حکومت کی جانب سے جاب کیلنڈر کی اجرائی عمل میں آئی جس کے تحت مختلف مراحل میں تقررات کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آرٹس کالج کے احاطہ میں جشن کا اہتمام کیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ چیف منسٹر کی تصویر کو دودھ سے نہلایا گیا اور بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل پر اظہار تشکر کیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی ترجمان سی ایچ دیاکر کی قیادت میں طلبہ نے جاب کیلنڈر پر خوشی منائی۔ گزشتہ 32 برسوں میں پہلی مرتبہ جاب کیلنڈر کی اجرائی کے ذریعہ حکومت نے وعدے کی تکمیل کی ہے۔ حکومت کی تشکیل کے 7 ماہ میں 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ طلبہ قائدین نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے تقررات کو نظرانداز کردیا تھا۔ اقتدار کے 8 ماہ میں بیروزگار نوجوانوں سے وعدے کی تکمیل میں ریونت ریڈی حکومت کی سنجیدگی قابل ستائش ہے۔ طلبہ نے اسکلس یونیورسٹی کے قیام اور حیدرآباد میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ طلبہ نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس سے بھی جاب کیلنڈر کی اجرائی پر جشن منایا گیا اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا گیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی صدرنشین کے سرینواس گوڑ، این ایس یو آئی کے ریاستی نائب صدر چندنا ریڈی، بیروزگار نوجوانوں کی جے اے سی کے قائد ٹی ناگراجو اور دیگر طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے جشن میں حصہ لیا۔ 1